ریاست میں سہ سطحی پنچایتی نظام قائم کرنے کی مانگ

جموں //آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس نے ریاستی ومرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں جلداز جلد بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل اور ڈسٹر کٹ ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ بورڈ کے انتخابات منعقد کر وا کے ریاست میں تین ٹائر پنچایتی نظام کو قائم کیا جائے ۔اسی دوران انیل شرما کو آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس کا دوبارہ سے صدر نامز د کر دیا گیا جس کے دوران اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ ریاست میں پُر امن پنچایتی انتخابات اس وقت تک غیر موثر ہیں جب تک ریاست میں تین سطحی پنچایتی نظام قائم نہیں کیا جاتا ۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور ریاستی گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ریاست میں تین سطحی پنچایتی نظام کو قائم کرنے کیلئے جلد از جلد اقدامات اٹھائیں ۔آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس کے اراکین نے کہاکہ ریاست میں پنچایتی انتخابات کے دوران بائیکاٹ کال کے باوجود بھی عوام نے مذکورہ نظام کو زمینی سطح پر کامیاب کیا تاہم اب ریاستی اور مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کو باختیار بنانے کیلئے تین سطحی نظام کو متعارف کر کے جمہوری نظام کو مزید مستحکم کرے ۔اس سے قبل سینکڑوں کی تعداد میں سرپنچوں اور پنچوں نے انیل شرما کو دوبارہ سے آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس کا صدر منتخب کر دیا ۔اسی دوران آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس نے اپنی نئی باڈی بھی تشکیل دی جس میں سرپنچ رام پال شرما کو جنرل سیکریٹری جبکہ ونے ٹو گوترہ کو ریاستی سیکریٹری نامزد کیا گیا ۔اسی طرح اوتار سنگھ کو جموں ضلع کا قائمقام صدر اور سانسر سنگھ کو ادہم پور کا صدر نامزد کیا گیا ہے جبکہ ان کے علا وہ سرپنچ جگرام شرما،سرپنچ ارویند سنگھ سمبیال ،اور بلبیر سنگھ وغیرہ کو بھی باڈی میں شامل کیا گیا ہے ۔