ریاست میں جاری ترقیاتی پروجیکٹ

سری نگر//ریاستی قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں میں مختلف سیکٹروں کے تحت جاری پروجیکٹوں اور اسمبلی سیکرٹریٹ پر جاری کام کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ریاست میں جاری سڑک ،سمارٹ سٹی ،کثیر سطحی پارکنگ ، فلائی اووروں اور دیگر تعمیراتی پروجیکٹوں کے کام کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران جموں کے اسمبلی سیکرٹریٹ پر جاری کام کے علاوہ اسمبلی کے ریکارڈس کے ڈیجیٹائزیشن کے عمل پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ میٹنگ کے دوران ریاست کے دونوں دارالخلافائی شہروں میں قائم ایم ایل اے ہوسٹلوں کی اَپ گریڈیشن اور تجدید کاری کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر فیصلہ لیا گیا کہ ایم ایل اے ہوسٹلوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ایک تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ تیار کی جائے گی۔سپیکر نے کٹھوعہ ضلع میں جاری اُج پاور پروجیکٹ کی صورتحال اور اس پروجیکٹ سے متاثرہ ہوئے افراد کی باز آبادکاری کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے چیف سیکرٹری سے کہا کہ وہ دیالا چک ۔چالان ۔ اودھمپور سڑک کی مجوزہ تعمیر کو عملی جامہ پہنائیں۔سپیکر نے تمام جاری پروجیکٹوں کو وقت مقررہ مکمل کرنے کی ضرورت پربھی زور دیا۔