ریاست اور ریاست سے باہر قیدیوں کی حالت تشویشناک:ملک

 سرینگر//لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے سراج  الدین میر، عبدالرشید مغلو اور غلام نبی کشمیری کی جیل میں حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ 70 سالہ سراج الدین میر کئی عارضوں میں مبتلا ہیں اور انہیں کئی بار بیہوشی کی حالت میں کورٹ بلوال جیل سے ہسپتال بھی منتقل کیا جاتا رہا ہے ۔عبدالرشید مغلو بھی اپنی گرفتاری اور پی ایس اے کے تحت نظر بندی سے قبل ایک سڑک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے باعث ٹانگوں کی سخت تکلیف میں مبتلا ہیں۔ کولگام کے غلام نبی کشمیری جنہیں انتقاماً پی ایس اے کے تحت جیل میں ڈالا گیا ہے بھی ذیابطیس،ہائی بلڈ پریشر اور عارضہ قلب میں مبتلاہیں، روز بروز انکی حالت تشویش ناک حد تک خراب ہورہی ہے۔ شیخ نذیر احمد، ظہور احمد بٹ، اسد اللہ شیخ جنہیں والد کی وفات کے باوجود بھی رہا نہیں کیا گیا، کے ایام اسیری کو طول بخشنے کی مذمت کی ہے ۔ ان میں عمر عادل ڈار، جنہیں پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا اور پھر کٹھوعہ جیل سے نکال کر ہریانہ منتقل کردیا گیا، بھی شامل ہیں۔ ملک نے آسیہ اندرابی ، فہمیدہ صوفی،  ناہیدہ نسرین ،سید شبیر احمد شاہ، الطاف احمد شاہ،محمد ایاز اکبر،فاروق احمد ڈار بٹہ کراٹے (جنہیں اپنی والدہ کے آخری دیدار سے بھی محروم رکھا گیا)،شاہد الاسلام، ظہور احمد وٹالی،پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، شاہد یوسف شاہ،محمد اسلم وانی، شکیل یوسف شاہ، مظفر احمد ڈار، اور دوسرے اسیروں کی حالت زار پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ خود محمد یاسین ملک، مشتاق اجمل، شوکت احمد بخشی، بشیر احمد کشمیری ، محمد حنیف ڈار، امتیاز احمد ڈار، امتیاز احمد گنائی، شاکر احمد آہنگر،فیاض احمد ،بشارت احمدوغیرہ کے ہمراہ مقید ہیں۔