ریاستی گورنر پہاڑی طبقہ سے انصاف کریں

مینڈھر//مینڈھر کے پہاڑی طبقہ سے تعلق رکھنے والے معززافراد نے ریاستی گورنر سے اپیل کی ہے کہ پہاڑی طبقہ کی دیرینہ مانگ کو پوراکرتے ہوئے فوری طور پر شیڈیولڈ ٹرائب کادرجہ دلایاجائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پہاڑی طبقہ گزشتہ کئی سال سے ایس ٹی درجہ کیلئے جدوجہد کررہاہے اور ہر ایک حکومت نے بھی طبقہ کو یہ مانگ پوری کرنے کا وعدہ دیا جبکہ متعدد مرتبہ مرکز سے سفارشات بھی ہوئیں تاہم ابھی تک فائل التوا میں پڑی ہوئی ہے ۔ماسٹر محمد رشید خان،ہمایوں سرور خان،حاجی خورشید میر،محمد اعظم فانی،ماسٹر عنایت اللہ خان،سید صادق حسین شاہ،ایڈووکیٹ محمد شوکت،حاجی محمد صادق خان،سابق ایس پی محمد رزاق خان،خورشید احمد خان،محمد معروف مغل،شوکت علی خان،محمد یونس ڈار،ماسٹر نذیر حسین شاہ اور ظہیر احمد نے کہا کہ ریاستی گورنر پہاڑی قوم کے مسائل حل کرنے اور خاص طور پر ایس ٹی درجے پر اہم رول ادا کریں اور اس فائل کو منظور کروایاجائے جو کئی عرصہ سے دھول چاٹ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی مخلوط سرکار نے پہاڑی طبقہ کو پانچ فیصد ریزرویشن دینے کا اعلان کیا تھا جس پر قانون سازیہ کے دونوں اداروں سے بل بھی پاس ہوا تاہم سابق گورنر نے فائل کچھ اعتراضات کرکے واپس بھیج دی جس کے بعد بل میں ترمیم کرکے سابق مخلوط سرکار نے تین فیصد ریزرویشن کا قانون اسمبلی و کونسل سے منظور کرواکے پھر سے گورنر کو بھیجا مگر اس بار بھی اعتراضات کئے گئے اورنتیجہ کے طور پر فائل واپس آگئی ۔انہوںنے کہاکہ تب سے لیکر اب تک یہ فائل معلوم نہیں کہاں پڑی ہوئی ہے اور ریزرویشن کامعاملہ اسی طرح سے کٹھائی میں پڑ گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ سراسر ناانصافی ہے کہ دو مرتبہ بل منظور ہونے کے باوجود ریزرویشن کی فائل کو التوا کاشکار بنایاگیاہے ۔ انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور فوری طور پر یہ معاملہ حل کیاجائے۔