ریاستی پولوشن کنٹرول بورڈ ٹیم کادورہ ٔ پونچھ

پونچھ//ریاستی پولوشن کنٹرول بورڈ کی ٹیم نے ضلع پونچھ کا دورہ کرکے ٹریفک پولیس کے اشتراک سے مختلف مقامات پر ناکے لگاکر گاڑیوں کی چیکنگ کی ۔ ٹیم نے گاڑیوں کی پولوشن پرچیوں کی جانچ کی اور ایسی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف کارروائی کی گئی جنہوں نے لوازمات پورے نہیں کررکھے تھے۔بورڈ کے صوبائی آفیسر کلدیپ بھان نے بتایا کہ ان کی ٹیم پہلے بھی یہاں آتی رہی ہے لیکن اس مرتبہ انہوںنے پونچھ میں خصوصی دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کئی گاڑیاں پولوشن کروائے بغیر ہی چل رہی ہیں جسکی وجہ سے آنے والے وقت میں عوام کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پونچھ میں لگ بھگ 70فیصد گاڑیاں پولوشن کے اندراج میں ہیں اور باقی 30فیصد گاڑیاں ابھی بھی اس کے اندراج سے باہر ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی جن کی گاڑیوں کے پولوشن کے اندراج نہیں ہوئے ہیں ،وہ ان کے مقامی دفتر بس اسٹینڈ پہنچ کر اندراج کروائیں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ مستقبل میں جن گاڑیوں کے چالان ہوں گے ان سے کم سے کم جرمانہ 500روپے وصولا جائے گا۔ ٹریفک پولیس کے ایس او احتشام الحق نے بھی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کے کاغذات مکمل رکھیںنہیں تو کارروائی کی جائے گی۔