ریاستی نوجوانوں میں کسی بھی مسابقتی امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت موجود:ذوالفقار علی

 نئی دلی// خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور اطلاعات چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں میں کسی بھی قومی سطح کے مسابقتی امتحان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔اس بات کا اظہار انہوں نے شاستری بھون نئی دلی میں مرکزی وزارت پیٹرولیم و قدرتی گیس کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔اس موقعہ پر پیٹرولیم و قدرتی گیس کے مرکزی وزیر مملکت دھرمیندر پردھان نے جموں وکشمیر کے اُن سپر 28 طالب علموں کی عزت افزائی کی جنہوں نے حال ہی میں قومی سطح کے مشترکہ داخلہ امتحانات ( جے ای ای ) میں کامیابی حاصل کی ہے۔ا س موقعہ پر بولتے ہوئے ذوالفقار علی نے کہا کہ اگر چہ ریاست مشکل حالات سے گز ررہی ہے تاہم وہاں کے نوجوانوں کو اگر موقعہ فراہم کیا جائے تو وہ اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔جے ای ای میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے طالب علموں کو مبارک باد دیتے ہوئے ذوالفقار علی نے ریاستی طالب علموں کے لئے کوٹا اور امداد میں اضافہ کرنے کے علاوہ 2017-18کے دوران کم سے کم ریاست کے 100طالب علموں کو مفت کوچنگ فراہم کرنے کا مطالبہ مرکز ی سرکار کے سامنے رکھا۔مرکزی وزیر مملکت دھرمیندر پردھان نے اس مطالبے پر اتفاق کرتے ہوئے اگلے سال ریاست کے 100طالب علموں کے لئے مفت کوچنگ کا اعلان کیا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت کوچنگ کے لئے ہر طالب علم پر 2لاکھ روپے خرچ کرے گی۔وزیر موصوف نے اس اعلان کے ردعمل میں مرکزی وزیر اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ پیٹرونیٹ ایل این جی لمٹیڈ نے بھارتی فوج اور سینٹر فار سوشل ریسپانسبلٹی اینڈ لیڈر شپ کے اشتراک سے ریاست کے 40طالب علموں کو کوچنگ کے لئے سپارنسر کیا تھا جس میں 28 طالب علموں نے جے ای ای میں کامیابی حاصل کی۔اس میں سے 9طالب علموں نے مزید امتحانات پا س کیا جس کے نتیجے میں آئی آئی ٹی اور این آئی ٹی میں ان کے داخلے کی راہ ہموار ہوگئی۔الیکٹرانک میڈیا میں کشمیر کے تعلق سے منفی پروپیگنڈہ کو بد قسمتی کے ساتھ تعبیر کرتے ہوئے کہ کشمیرمیں ہر کوئی سنگ باز نہیں ہے بلکہ وادی نے کئی ذہین طالب علم بھی پیدا کئے ہیں۔