ریاستی سکولی بورڈ کے کام کاج کا جائز ہ

جموں/گورنر کے صلاح کار خورشید احمد گنائی نے جموں میں ایک میٹنگ میں سکولی تعلیم کے ریاستی بورڈ کے کام کاج کا جائز ہ لیا۔ میٹنگ میں بورڈ کی چیئر پرسن پروفیسر وینا پنڈتا، سیکرٹی سکولی تعلیم اجیت کمار ساہو، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں ، سیکرٹری بورڈ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں بورڈ کے کام کاج ، نصاب ، نئی وضع کردہ کتابوں کی فہرستوں اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ بورڈ نے ڈوگری ، گوجری ، پہاڑی ، کشمیری، پنجابی اور بھوٹی زبانوں کو درجہ اول سے آپشنل مضامین کے طور پر متعارف کیا ہے جبکہ بائیو ٹیکنالوجی ، کمپیوٹر سائنسنز ، بائیو کمسٹری ، انٹرپرینور شپ ،پبلک ایڈمنسٹریشن ، ٹریول اینڈ ہوٹل منیجمنٹ اور مائیکرو بیالوجی جیسے مضامین کو بارہویں جماعت میں متعارف کیا گیا ہے۔صلاح کار نے بنیادی سطح پر مادری زبانوں کو فروغ دینے اور مختلف زبانوں کے تحفظ پر زور دیاتاکہ طلباء کو مادری زبان میں بنیادی تعلیم فراہم ہوسکے اور انہیں مختلف مضامین سمجھنے میں آسانی مل سکے۔بورڈ کی طرف سے تیار کئے جانے والے مواد کا جائزہ لیتے  ہوئے صلاح کار نے کہا کہ کتابو ں کی اشاعت کے وقت جدید مارکیٹ رجحانات اور معیار کو دھیان میں رکھا جانا چاہیئے تاکہ طلباء بدلتے وقت پر کیساتھ معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔ انہوں نے نصاب کی تشکیل میں ماہرین کی تجاویز بھی طلب کیں۔صلاح کار نے سمگرشکھشا اور ایس آئی اے کے عہدہ داروں اور اساتذ ہ کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کرنے کی ہدایت دی تاکہ ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے تعلیم کے معیار میں مزید بہتری لائی جاسکے ۔انہوں نے ٹیلی ویژن اور ویب سائیٹ پر مختلف لیکچر اَپ لوڈ کرنے اور دنیا بھر سے بہترین نصابوں کا  جائزہ لینے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ نصاب کی تشکیل میں بورڈ کی طرف سے این سی ای آر ٹی کا طرز عمل اپنایاجارہا ہے۔صلاح کار نے نئے مضامین کو متعارف کرنے اور نویں جماعت میں کمپیوٹر سائنس کو لازمی مضمون کے طور پر بھی  متعارف کرانے کے احکامات بھی دئیے۔