بلال فرقانی
سرینگر// کانگریس نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو یقین دلایا کہ کانگریس این سی اتحاد خطہ کو ریاستی درجے کی بحالی اور بی جے پی کے گزشتہ دس سالہ ’اندھیرے‘ کا خاتمہ کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ سرینگر میں پارٹی ہیڈکواٹر پر پریس لانفرنس سے خطاب کرتے ہوے کانگریس ترجمان وویک تنکہ نے کہا کہ ریاستی درجے کا حصول جموں کشمیر کے لوگوں کا حق ہے اور انہوں نے اس مقصد کو ہر قیمت پر حاصل کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس، نیشنل کانفرنس اتحاد کو ووٹ دیں تاکہ انصاف، برابری، اور جوابدہی پر مبنی اچھے گورننس کو لایا جاسکے۔تنکہ نے کانگریس پارٹی کی کشمیریوں اور کشمیریت کے ساتھ احترام کی روایت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا’’صرف کانگریس پارٹی نے کشمیریوں اور کشمیریت کو عزت دی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئے‘‘۔انہوں نے کالجوں میں معاہدہ شدہ فیکلٹی کے ارکان کی تشویشات پر بھی بات کی اور یقین دلایا کہ ان کے حقوق محفوظ رکھے جائیں گے اور ان کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔ تنکہ نے کہا کہ وہ ان کے معاملے کو پارٹی، سپریم کورٹ، اور ہائی کورٹ میں بھی پیش کرنے کا وعدہ کرتے ہیں تاکہ تنخواہوں اور فوائد میں برابری کو یقینی بنایا جا سکے۔