سرینگر//ریاستی حکومت نے جموں وکشمیر بنک کے ساتھ ایک مفاہمت پر دستخط کئے ہیں جس کی رو سے بنک سرکاری ملازمین کو ترجیحی صارفین قرار دے گا اور ملازمین کو مختلف بنکنگ سہولیات دستیاب رہیں گی۔مفاہمت نامے پر ریاستی حکومت کی جانب سے پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری اور بنک کی جانب سے اس کے چیئرمین پرویز احمد نے دستخط کئے۔نوین کمار چودھری نے مفاہمت نامے کو تاریخی معاہدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بنک اور ریاستی انتظامیہ کے مابین رشتے مزید مستحکم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بنک اور حکومت کے موجودہ تعلقات کی رو سے ہر سرکاری ملازم بنک کا ایک شراکت دار ہے۔پرنسپل سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ حکومت ہر سرکاری ملازم کے بارے میں جدید جانکاری بنک کو فراہم کرے گی تا کہ بنک بغیر کسی مزید جانچ پڑتال کے ملازمین کو سہولیات فراہم کرسکے۔مفاہمت نامے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے پرویز احمد نے بتایا کہ اس وقت تقریباً4.50 لاکھ ملازمین بنک کے صارفین میں شامل ہیںاور مفاہمت نامے سے ان تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔انہوں نے کہا کہ قرضہ کے حصول میں پوائنٹس کی بنیاد پر سیکرٹریٹ کے ملازموں کو75 فیصد جبکہ حکومت کے باقی ملازمین کو50 فیصد رعایت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فون کے ذریعے ایک ایپ پر قرضے کی درخواست اپ لوڈ کرنے کے دو گھنٹے کے بعد درخواست دہندہ کے کھاتے میں رقم منتقل کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لئے ملازم کو بنک کی شاخ تک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور پروسیسنگ کے لئے وصول کی جانے والی رقم کو معاف کیا جائے گا۔پرویز احمد نے مزید کہا کہ ملازمین زیرو بیلنس اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں اور انہیں دیبٹ کارڈ، آن لائین بنکنگ اور دیگر کئی سہولیات بنا کسی معاوضہ کے فراہم کی جائیں گی۔ انہوںنے کہا کہ سرکاری ملازمین کو مختلف زمروں میںلاکر سہولت یا تو مفت فراہم کی جائے گی یا اس میں50 فیصد رعایت دی جائے گی۔چیئرمین نے تفصیلات دیتے ہوئے مزید کہا کہ بنک کے سٹیٹ پورٹ فولیو کا35 فیصد حصہ یعنی6 ہزار کروڑ روپے کی رقم سرکاری ملازمین سے حاصل ہوتی ہے اور مفاہمت نامہ اس پورٹ فولیو کی بنیاد میں اضافہ کرنے پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ بنک نے اس طرح کے مفاہمت نامے کو جموں وکشمیر پولیس کے ملازمین کے ساتھ پہلے ہی آزمایا ہے اور یہ کامیاب ثابت ہوا ہے۔چیئرمین نے کہا کہ جموں وکشمیر بنک ریاست کی ترقی اور یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پُر عزم ہے۔
ریاستی حکومت اورجموں وکشمیر بنک کے درمیان مفاہمت پر دستخط
