ریاستی انتظامی کونسل میٹنگ میں ملازمین کے حق میں2 فیصد مہنگائی الائو نس واگزار

سرینگر//ریاستی انتظامی کونسل نے ریاستی ملازمین اور پنشنروں کے حق میں  2 فیصدمہنگائی بھتہ کو منظوری دی ہے۔انتظامی کونسل نے مہلوک پولیس اہلکاروں کے حق میںایکس گریشیا کو48 لاکھ سے بڑھا کر70 لاکھ روپے کرنے کو بھی منظوری دی جبکہ ایس پی اوز کا ایکس گریشیا14.5 لاکھ روپے سے بڑھا کر30 لاکھ روپے کردیا گیا ۔انتظامی کونسل نے ویٹرنری اسسٹنٹ سرجنو ں کی 800 اسامیوں کو وجود میں لانے کے احکامات صادر کئے ہیں۔اسکے علاوہ ریاستی ہائی کورٹ میںویجی لینس سیل کیلئے 32اسامیوں کو معرض وجود میں لانے کی منظوری بھی دی گئی۔ریاستی انتظامی کونسل کااجلاس گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران ریاستی ملازمین اور پنشنروں کے حق میں یکم جولائی2018 سے 2 فیصد اضافی مہنگائی بھتہ کو منظوری دی گئی۔ جولائی سے ستمبر2018 تک کے بقایا جات ملازمین کے جی پی فنڈ کھاتوں میں جمع کئے جائیں گے جبکہ اکتوبر 2018 سے مہنگائی بھتہ تنخواہ/ پنشن کے ساتھ ادا کیا جائے گا۔مہنگائی بھتہ میں اضافہ سے4.50 لاکھ ملازمین اور1.60 لاکھ پنشنرمستفید ہوں گے۔ انتظامی کونسل کے اجلاس میں مہلوک پولیس  اہلکاروں کے لواحقین کو دیئے جانے والے ایکس گریشیا ریلیف کی رقم کو48 لاکھ روپے سے بڑھا کر70 لاکھ روپے کرنے کو منظوری دی گئی۔ ایس پی اوز کے لواحقین کو دی جانے والی ایکس گریشیا امداد کو14.5 لاکھ روپے سے بڑھاکر30 لاکھ روپے کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ایس آر ای( آر اینڈ آر) کے تحت ریاستی پولیس کے اہلکاروں/ ایس پی اوز اور سی اے پی ایف/ فوجی اہلکاروں کے نزدیکی لواحقین کو دی جانے والی ایکس گریشیا امداد کو 2 لاکھ روپے سے بڑھا کر5 لاکھ روپے کیا گیا ہے جبکہ پولیس ویلفیئر فنڈ( ایم ایچ اے) سے ریاستی پولیس کے اہلکاروں کے نزدیکی لواحقین کو دی جانے والی ایکس گریشیا کو3 لاکھ روپے سے بڑھاکر7 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔ریاستی وسائل میں سے ریاستی پولیس کے اہلکاروں کے نزدیکی لواحقین کو دی جانے والی ایکس گریشیا کو18 لاکھ روپے سے بڑھا کر33 لاکھ روپے کیا گیا ہے۔ریاستی انتظامی کونسل کے اجلاس میں مزید فیصلہ لیا گیا کہ ملی ٹینسی مخالف آپریشنوں/ تشدد کے دوران جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کے دو بچوں کو ریاست کے نجی سکول میں12 ویں جماعت تک مفت تعلیم فراہم کی جائے گی جس کا خرچہ ریاستی محکمہ تعلیم برداشت کرے گا۔ انتظامی کونسل نے ویٹرنری اسسٹنٹ سرجنوں کی 400اسامیوں کو معرض وجود میں لانے کو بھی منظوری دی جن کی تقرری جے کے پی ایس سی انجام دے گی۔کونسل نے اینمل/ شیپ ہسبنڈری محکموں میں مرحلہ وار طریقے پر جے کے ایس ایس بی کے ذریعے 400 پیرا ویٹس کی تقرری عمل میں لانے کو منظوری دی۔ایس اے سی نے پشو و بھیڑ پالن محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ ان اسامیوں کو تحریری امتحان کی بنیاد پر تقرری عمل میں لانا یقینی بنائیں۔ان اسامیوں کو وجود میں لانے سے پشو و بھیڑ پالن کے ٹرائیل مراکز کو باقاعدہ بنانے کی ایک دیرینہ مانگ پوری ہوگی۔انتظامی کونسل نے ریاستی ہائی کورٹ میں ویجی لینس سیل کو استحکام بخشنے کے لئے مختلف زمروں کی 32 اسامیوں کو معرض و جود میں لانے کو منظوری دی۔ان اسامیوں میں رجسٹرار انسپکشن ،جوائنٹ رجسٹرار کی دو اسامیاں ، اسسٹنٹ رجسٹرار ، سینئر سکیل سٹیونو گرافر ، جونیئر سکیل سٹیونوگرافر ، ہیڈ اسسٹنٹ ، سینئر اسسٹنٹ اور جونیئر اسسٹنٹوں کی تین اسامیاں ، ڈرائیوروں کی دو اسامیاں اور چپراسیوں کی 8اسامیاں شامل ہیں۔