جموں //جموں یونیورسٹی کے طلباءنے ریاستی انتظامیہ کو نسل کی جانب سے لئے گئے حالیہ فیصلے کےخلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو گاڑیوں کی آمد و رفت کےلئے بند کر دیا ۔یونیورسٹی طلباءنے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بے روز گار نوجوانوں کو انصاف فراہم کرنے کےلئے انتظامیہ کونسل کے حالیہ فیصلے کو منسوخ کیا جائے ۔اپنی مانگ کو لے کر طلباءنے یونیورسٹی گیٹ کے سامنے سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کےلئے بند کر دیا ۔جموں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے طلباءکے علا وہ ایم اے ایم کالج کے طلباءنے مشترکہ طورپر ریاستی انتظامیہ کےخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی انتظامیہ کونسل کے حالیہ فیصلے میں غیر تدریسی عملے کی 4500اسامیوں کو تدریسی عملے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ریاست میں کام کر رہے رہبر تعلیم او ر ایس ایس اے ٹیچروں کو ان اسامیوں پر لایا جا سکے ۔طلباءنے کہاکہ اس وقت ریاست میں بے روز گار نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے تاہم ریاستی انتظامیہ کو نسل کے فیصلے پر اگر عمل کیا گیا تو ان نوجوانوں کی تعداد میں اور بھی اضافہ ہو جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ رہبر تعلیم اور ایس ایس اے ٹیچروں کو ریاستی انتظامیہ بے روز گار نوجوانوں کےساتھ نا انصافی کر کے ایڈ جسٹ نہ کرے بلکہ ان کےلئے ایک علیحدہ سے پالیسی مرتب کی جائے ۔طلباءنے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے فیصلے کو واپس لے تاکہ بے روز گار نوجوانوں کو انصاف فراہم کیا جاسکے ۔