رہمو پلوامہ میں احتجاج غیر قانونی طورمٹی نکالنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ

مشتاق الاسلام

پلوامہ//رہمو پلوامہ کے وگے محلے میں رہائش پذیر لوگوں نے علاقے میں غیر قانونی طور سرکاری اراضی سے مٹی نکالنے کے خلاف زوردار احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سرکاری اراضی سے دوران شب مٹی نکالنے سے ان کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ مٹی نکالنے سے محکمہ آر اینڈ بی کی جانب سے میکڈامائزکئے گئے روڑ کے علاؤہ جل شکتی محکمہ کی طرف سے بچھائی گئی پائپ لائن کو بھی نقصان پہنچنے سکتا ہے ۔انہوں نے کہا’’ 15 کنبوں پر مشتمل اُن کی بستی کو خطرے میں ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر انتظامیہ نے ملوثین کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی اور اس غیر قانونی کام پر پابندی عائد نہیں کی تو سرما میں شدید بارشوں اور برف باری سے بستی کے مکانات دھنسنے کا خطرہ ہے۔دریں اثناء نائب تحصیلدار رہمو محمد عباس نے کہا کہ اس سلسلے میں دو روز قبل مکمل پابندی عائد کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جائزہ رپورٹ تحصیلدار راجپورہ کو پیش کی گئی ہے۔