رہبر کھیل امیدواروں کی فہرست پر تحفظات

مینڈھر//گزشتہ دنوں جاری ہونے والی رہبر کھیل امیدواروں کی فہرست پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سابق ممبراسمبلی مینڈھر و نیشنل کانفرنس لیڈر جاوید احمد رانا نے اس لسٹ کو کالعدم قرار دینے پر زور دیاہے ۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے کہا’’ مجھے بڑی حیرانگی ہوئی کہ ضلع سطح پررہبر کھیل نوجوانوں کی لسٹ نکالی گئی جس میںپڑھے لکھے بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ نا انصافی ہوئی ،ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ جو نوجوان رہبر کھیل کیلئے انٹریو میں شامل ہوئے تھے ان کو اپنا حق ملنا چاہیے اور مجھے نوجوانوں کی بات سن کر مجھے حیرانگی ہوئی کہ میرٹ کو نہیں دیکھا گیا‘‘۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ راہل یادو سے کہا کہ فوری طور لسٹ کوکالعدم قرار دے کر نئے انٹریو لئے جائیں اورانہی امیدوار کو منتخب کیاجائے جو میرٹ میں آتے ہوں۔انہوںنے کہاکہ اگر ضلع سطح پر دھاندلیاں ہونے لگیں گی تو پھر اعلیٰ سطح پر کیا ہوگا۔رانا کا کہنا تھا کہ انہیں حیرانگی ہے کہ پڑھے لکھے بے روزگار نوجوان گھر سے خرچہ لے کر اپنا گزر بسر کررہے ہیں اور ضلع انتظامیہ ان کے ساتھ انصاف نہیں کرپائی ۔انہوں نے کہاکہ ایسے حالات میں نوجوانوں کے پاس عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کے سوا کوئی چارہ نہیںہوتا۔