رہبر تعلیم ٹیچرز فورم پونچھ کی بھوک ہڑتال کا تیسر ادن

 
پونچھ// رہبرتعلیم ٹیچرز فورم پونچھ نے تیسرے روز بھی اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھی۔ اس دوران  بڑی تعداد میں سینکڑوں اساتذہ نعرے بازی کر کے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا ۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ساتویں تنخواہ  کمیشن لاگو کرنے کی مانگ کی۔بھوک ہڑٹال کی قیادت کر رہے رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کے ضلع صدرحمید نباض نے کہا کہ اساتذہ اڑتالیس گھنٹوں کیلئے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں لیکن ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم نے 16 ستمبر تک بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اوراگر ضرورت پڑی تو وہ اس ہڑتال کو مزید بڑھاسکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ ریاست بھر میں اساتذہ اس وقت بھوک ہڑتال پر ہیں مگر سرکار کے کانوں پر ابھی تک جوں نہیں رینگی۔انہوں نے کہا کہ سرکار کے رویہ کی وجہ سے اساتذہ کی پریشانیوں میں شدت آرہی ہے۔اس دوران محکمہ صحت کی جانب سے سی ایم او پونچھ کی ہدایت پر ڈاکٹر سخی محمد اور ڈاکٹر اشفاق نے بھوک ہڑتال پر بیٹھے اساتذہ کا طبی معائنہ کر کے حمید نباض،ایم ایم پٹھان،ظہور خان،ساجد شیخ کو دوائیاں کھانے اور گلوکوز چڑھانے کا مشورہ دیا لیکن اساتذہ نے ایسا کچھ بھی کرنے سے انکار کیا۔اس دوران سرکار کو متنبہ کرتے ہوئے ایم ایم پٹھان ،خلیل خان و شوکت چوہان نے کہا کہ اگر سولہ تاریخ تک پے کمیشن لاگو نہ کیا گیا تو رہبر تعلیم اساتذہ فورم اپنی ہڑتال کو مزید وسعت دیں گے۔صوبائی نائب صدر نشاط تانترے، انعام الرحمن ،ساجد شیخ،عمران قادر،شفیق چوہان،عرفان بجران،ظہور خان،کلیم خان،شہباز خان وغیرہ نے بھی خطاب کرکے ریاستی گورنر سے مطالبات پورے کرنے کی مانگ کی ۔