رہبر تعلیم اور ایس ایس اے اساتذہ کو پرموشن نہ ملنے پرایجیک برہم

سرینگر // رہبر تعلیم اساتذہ اور ایس ایس اے کے تحت کام کر رہے اساتذہ کو مقرر ہ وقت پر پرموشن نہ ملنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایجیک نے اُسے سخت ناانصافی قراد دیتے ہوئے دونوں خطوں میں مقررہ وقت پر پرموشن کے معاملے کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایجیک صدر عبدالقوام وانی نے اس معاملہ میں رہبر تعلیم اساتذہ اور ایس ایس اے اساتذہ کو نظر انداز کرنے پر سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اساتذہ کئی ماہ کی تنخواہوں کے بغیرکام کررہے ہیں ۔وانی نے کہا کہ ان اساتذہ کے مستقبل کے حوالے سے دوہرے معیار کی کوئی گنجائش نہیں ہے کیونکہ وہ ان فوائد کے حق دار ہیں جس طرح دوسرے ملازم ہیں ۔وانی نے کہا کہ ایس آر او کے مطابق مستقلی کے بعد رہبر تعلیم اساتذہ کوبھی وہ حقوق دئے جائیں جو دوسرے زمروں میں آنے والے ملازمین کو دئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹیچر فورم نے اساتذہ کے مسائل کو ہمیشہ اجاگر کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا ۔ وانی نے کہا کہ وزیر تعلیم نے ایس ایس اے اور رہبر تعلیم اساتذہ کے تنخواہوں کو واگزار کرنے اور ٹرانسفر پالیسی کو لاگو کرنے میں اصولی طور پر رضامندی ظاہر کی ہے مگر رہبر تعلیم اساتذہ اور دیگر سکیموں کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کو مقررہ وقت پر ترقی اور فوائد نہیں مل رہے ہیں جو اصولی طور پر غلط ہے اور اس سے اساتذہ طبقہ میں ناراضگی پیدا ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اساتذاہ طبقہ سڑک پر نہیں آنا چاہتا ہے بلکہ وہ اپنی خدمات انجام دیتے ہیں مگر انصاف کی فراہمی میں دیری سے وہ سڑک پر آنے کیلئے مجبور ہوں گے ۔انہوں نے ریاستی وزیر تعلیم سید الطاف بخاری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اساتذہ کے مسائل سنے ہیں اور اُن پر غور بھی کیا گیا ہے کیونکہ اساتذہ کے مسائل حل کرنے سے مثبت نتائج برامد ہوں گے ۔انہوں نے سکریٹری ایجوکیشن سے اپیل کی ہے کہ وہ اساتذہ کے مسائل حل کرنے میں دلچسبی کا مظاہرہ کریں ۔