رہبر تعلیم اساتذہ کے مسائل …راجوری اور پونچھ انتظامیہ کو یاداشت پیش

 
پونچھ+راجوری//راجوری اور پونچھ کے رہبر تعلیم اساتذہ نے اپنے مطالبات پر مشتمل یاداشت نامے انتظامیہ کو پیش کئے ۔ رہبر تعلیم اساتذہ فورم پونچھ نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق زرگر کو ایک میمورینڈم پیش کیا ۔اس سلسلے میں ضلع صدر حمید نباض کی قیادت میں ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کرکے انہیں بتایاکہ ان کے مسائل حل کئے جائیں ۔ نباض نے کہاکہ فورم کے ریاستی چیئرمین فاروق تانترے نے تمام ضلع صدور کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو میمورنڈم پیش کریں اور یہ بتایاجائے کہ اگر 1اپریل تک ایس ایس اے کی تنخواہیں،سرپلس اساتذہ کی مستقلی و ٹرانسفر پالیسی جیسے مسائل حل نہ ہوئے تو تمام پرائمری تا مڈل اسکول مکمل طور پر مقفل کردیئے جائیںگے ۔فورم کے ریاستی میڈیا تجزیہ کار ایم ایم پٹھان نے کہاکہ حکومت انہیں احتجاج کرنے کیلئے مجبور کررہی ہے ۔وفد میں گلناز چوہان ،نشاط تانترے،محمد اسلم،علی راٹھور،عمران خان ،عمران قادر، مشتاق تنویر خان، ایاز جٹ وغیرہ بھی شامل تھے ۔اسی طرح سے راجوری کے ایک وفد نے بھی انتظامیہ کو یاداشت پیش کی ۔اساتذہ کا وفد اے سی محکمہ مال راجوری عبدالقیوم میر سے ملاقی ہو ااور انہیں تحریری طور پر یاداشت پیش کی ۔ راجوری کے اساتذہ نے بھی مذکورہ بالا مطالبات دہرائے ۔اس وفد کی قیادت فورم کے ضلع صدر آفتاب تانترے کررہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ اجیت سنگھ خالصہ ، محمد شکیل ، محمد اشرف ، نیتر سنگھ ، چندر پربھا ، سریش چوہدری ، ارمیلا دیوی ، جاوید ملک ، شوکت میر ، ایاز ملک ، صادق پوسوال ، صادق خان اور ضیا الرحمن بھی تھے ۔