رہبرتعلیم اساتذہ کی کام چھوڑ ہڑتال

 
راجوری// ریاستی سرکار کے خلاف رہبرتعلیم اساتذہ کی ہڑتال جاری ہے۔رہبر تعلیم اساتذہ کی تنخواہیں پچھلے چھ ماہ سے واجب الاداہیں جس کی وجہ سے اساتذہ کا گزر بسر نہایت ہی مشکل ہوچکا ہے ۔ ضلع صدر آفتاب تانترے رہبر تعلیم اساتذہ راجوری نے بتایا کہ تنخواہیں ہر ماہ واگزار کی جائیں تاکہ اساتذہ کو احتجاجی راستہ اختیار نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار 70ہزار اساتذہ کے ساتھ مذاق کررہی ہے اور ہر بار چھ ماہ بعد ایک ماہ کی تنخواہ واگزار کرکے سرکار اپنی ذمہ داری سے دستبردار ہونے کی کوشش کرتی ہے جو اساتذہ کے جذبات کے ساتھ کھلے عام زیادتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کو چاہئے کہ وہ مطالبات پورے کرے تاکہ احتجاج کی ضرورت نہ پڑے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہڑتال 19تک جاری رہے گی ۔