رہبرتعلیم اساتذہ کاپانچ روزہ احتجاجی دھرنااختتام پذیر

جموں//ساتویں پے کمیشن کے نفاذ اور ایس ایس اے کے تحت تنخواہیں مرکزی بجٹ سے ڈی لنک کئے جانے کے مطالبات کو لے کر رہبر تعلیم اساتذہ کی طرف سے اعلان کردہ پانچ روزہ دھرنا اختتام پذیرہوگیاہے اور 5 ستمبر کو یوم اساتذہ بطوریوم سیاہ منانے کا  اعلان کیاہے۔دھرنے کے پانچویں روز بھی پریس کلب کے باہر سینکڑوں کی تعداد میں ان اساتذہ نے احتجاج کیا۔ سنیچروارکو فورم کے ریاستی چیئر میں فاروق احمد تانترے بھی دھرنا میں شریک ہو گئے، اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ جموں ریاست کے چالیس ہزار کے قریب رہبر تعلیم اساتذہ گذشتہ چار مہینوں سے اْن کے حق میں ساتویںتنخواہ کمیشن کا ابھی تک اطلاق نہ ہونے ودیگرمانگوں کو لیکر سراپا احتجاج ہیں – جموں کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کی طرف سے دی گئی ریاست گیر پانچ روزہ دھرنے کی کال کے بعد دوسرے روز بھی صوبہ جموں کے آرای ٹی ٹیچرپریس کلب جموں کے باہر لگاتار دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ ان اساتذہ کا کہنا ہے کہ جب تک نہ اْن کے حق میں ساتویں پے کمیشن کو واگذار نہ کیا جاتا ہے وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے – جموں میں دھرنے کی قیادت فورم کے سینئر نائب چیرمین بھوپیندر سنگھ کررہے ہیں۔ فورم لیڈران کا کہنا ہے کہ اْنہیں رہبر تعلیم سکیم کے تحت ریاست میں ایک سرکاری حکم نامے زیرنمبر 396 کے تحت مستقل کیاگیاہے اور ابھی تک چھٹے پے کمیشن کے علاوہ ریاستی ملازمین کے ساتھ دیگر تمام مراعات دے جا رہے تھے لیکن اچانک ساتویں تنخواہ کمیشن کو روک کر سرکار نے ریاست کے ہزاروں اساتذہ کو ذہنی پریشانیوں میں مبتلائکر دیا ہے۔تانترے نے کہا کہ جب تک نہ اساتذہ کے حق میں ساتویں پے کمیشن کو واگذار نہ کیا جاتا ہے وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔اْنہوں نے کہا کہ ریاست میں 65 ہزار کے قریب رہبر تعلیم اساتذہ کو ایک ہی آڈر کے تحت تعینات کیا گیا ہے اور اس میں سے 37 ہزار اساتذہ کے حق میں پے کمیشن کو روک کر سرکار نے ریاست میں ایک بحرانی صورت حال پیدا کر دی ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے ابھی اچانک مستقلی کے آڈر کے علاوہ رہبر تعلیم اساتذہ کی ٹائم باونڈ پر موشن اور انکریمنٹ کو بھی روک دیا ہے جو کہ سمجھ سے بالا تر ہے ۔ فورم لیڈران نے کہا کہ اگر ان کے جائز مطالبات کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو وہ اپنے احتجاج میں مزید شدت لائیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ اپنے بچوں کے سمیت سڑکوں پر آئیں گے۔ اس موقع پر فورم کے سینئر نائب چیرمین بھوپیندر سنگھ ، پریس انچارچ مظفر احمد ، کواڈینیٹر خلیل خان ، صوبائی صدر آفتاب ملک ، جاوید چوہان ،فاروق رونیال ،حمید نباز ،محمد حفیظ بٹ ، بھادر سنگھ کے علاوہ دیگر فورم کے ریاستی ضلعی اور زونل فورم ممبران بھی موجود تھے ۔