رکن اسمبلی وچی کے گھر پر گرینیڈ حملہ

شوپیان // جنوبی ضلع شوپیان میں حکمران جماعت پی ڈی پی کے ممبر اسمبلی وچی کی رہائش گاہ کو جنگجوئوں نے گرینیڈ دھماکہ سے اڑانے کی کوشش کی۔تاہم انکی حفاظت پر مامور فورسز اہلکاروں نے جوابی کارروائی میں گولیوں کے کئی رائونڈ  چلائے ۔حملے کے فوراً بعدفورسز نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ۔ جنگجوئوں نے جمعرات کی سہ پہر حکمران جماعت پی ڈی پی ممبر اسمبلی وچی ایڈوکیٹ اعجاز احمد میرکی رہائش گاہ واقع زینہ پورہ کو نشانہ بنا کر ایک ہتھ گولہ پھینکا اور کارروائی انجام دیکر وہاں سے فرار ہوئے ۔ گرینیڈ زور داردھماکہ کیساتھ مکان کے صحن میں پھٹ گیا تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ایس پی شوپیان نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ پُراسرار تھا اور اسکی تحقیقات کی جارہی ہے کہ یہ کس نوعیت کا دھماکہ تھا ۔انہوں نے کہا کہ پُراسرار دھما کے سے کسی طر ح کا جانی ومالی نقصان نہیں ہوا ،تاہم یہاں تعینات اہلکار نے ہوا میں گولیوں کے چند رائونڈ چلائے ۔یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا دھماکے کے وقت ممبر اسمبلی وچی گھر میں موجود تھے یا نہیں ۔