روی پجاری کی شہلا رشید کو جان سے مارنے کی دھمکی

سری نگر //   طلباء لیڈر شہلا رشید شورا نے مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد گینگسٹر روی پجاری کے خلاف پولیس تھانہ راجباغ میں تحریری شکایت درج کرائی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے کیس رجسٹر کرتے ہوئے ایف آئی آر زیر نمبر 45/2018زیر دفعہ 506آر پی سی درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ طلبا لیڈر شہلا رشید شورا نے گینگسٹر روی پجاری کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔اطلاعات کے مطابق شہلا رشید نے سماجی رابطہ سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ مجھے دائیں بازو ہندو انتہا پسند روی پجاری کی جانب سے مار ڈالنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے ایس ایم ایس کے ذریعے عمر خالد، جگنیش موانی اور مجھے ( شہلا رشہد) کو منہ بند کرنے کو کہا ہے ۔ اس موقعہ پرطلبا لیڈر نے ٹویٹر پر موصولہ دھمکی کا سکرین شاٹ بھی شائع کیا جس کے مطابق روی پجاری ان سے یوں مخاطب ہیں ’’اپنا منہ بند رکھو یا پھر ہم آپ کا منہ ہمیشہ کے لیے بند کردیں گے، یہ بات عمر خالد اور جگنیش موانی سے بھی کہہ دینا‘‘۔ اس سلسلے میں شہلا رشہد نے راج باغ پولیس تھانہ میں ایک تحریری شکایت درج کرائی ہے جس میں انہوں نے روی پجاری کا نام بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھے جان سے مارڈالنے کی دھمکی دی۔ ادھر پولیس نے شکایت موصول ہونے کی بنیاد پر ایف آئی آر زیر نمبر 45/2018زیر دفعہ 506آر پی سی درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔