رویندر رینا بی جے پی کے ریاستی صدر منتخب

جموں// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ضلع راجوری کے حلقہ انتخاب نوشہرہ سے رکن اسمبلی رویندر رینا کو بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کا نیا صدر منتخب کرلیا ہے۔ رویندر رینا راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نظریات کے کٹر حامی ہونے کے علاوہ پاکستان، کشمیری علیحدگی پسندوں، جنگجوؤں اور سنگبازوں کے خلاف بیان بازیوں کے لئے مشہور ہیں۔ انہیں ظاہری طور پر آر ایس ایس کو خوش کرنے کے لئے ہی بی جے پی کا نیا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ بی جے پی ذرائع نے بتایا ’پارٹی ہائی کمان نے رویندر رینا کو ست شرما کی جگہ جموں وکشمیر یونٹ کا نیا سربراہ منتخب کرلیا ہے۔ اس حوالے سے ایک باضابطہ حکم نامہ اتوارکو جاری کیا گیا‘۔ سابق صدر ست شرما کو حال ہی میں ریاستی کابینہ میں شامل کیا گیا۔ انہیں مکانات و شہری ترقی کا قلمدان دیا گیا۔ 41 برس کے رویندر رینا آر ایس ایس نظریات کے کٹر حامی ہیں۔ انہوں نے سال 2008 کے شری امرناتھ اراضی تنازعہ کے دوران ایک سرگرم کردار ادا کیا۔رویندر رینا بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے ریاستی صدر بھی رہ چکے ہیں۔ انہیں گذشتہ تین برسوں کے دوران ریاستی اسمبلی کے اندر اکثر پاکستان مخالف نعرہ بازی کرنے والوں کی قیادت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔رویندر رینا نے سال 2015 میں ’گاڈ‘ کے بجائے ’ماتا ویشنو دیوی‘ کے نام پر بحیثیت ایم ایل اے حلف اٹھایا تھا۔ تاہم اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے انہیں دوبارہ حلف اٹھانا پڑا ۔بھاجپا کے ریاستی یونٹ کا صدر مقرر ہونے کے فورا بعد رویندر رینہ نے کہاکہ وہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے مشن کو آگے بڑھائیں گے ۔انہوں نے مقامی نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ان کی ترجیح سابق وزیراعظم مسٹر واجپائی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان کے نظریے اور مشن کو آگے بڑھانا ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں مذہبی بھائی چارے اور رواداری کے علاوہ ریاست جموں وکشمیر کے تینوں خطوں کی مساوی ترقی کیلئے کوشاں رہوں گا۔نو منتخب بھاجپا صدر آج وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ سے ملاقات کرنے والے ہیں  یو این آئی