روہنگیا پناہ گزینوں کی کشتی حادثے کا شکار

ڈھاکہ//بنگلہ دیش کے کاکس مارکیٹ سمندر کے قریب روہنگیا پناہ گزینوں سے بھری ایک کشتی کے حادثے  کا شکار ہو جانے سے اس میں سوار کم از کم 60 پناہ گزینوں کے ڈوبنے سے موت ہو گئی اور 50 دیگر لاپتہ ہیں۔  پولیس نے کہا کہ کشتی میں تقریبا 130 پناہ گزین موجودتھے ۔ انہوں نے کہا کہ کشتی سمندر میں ڈوبی کسی چیز سے ٹکراکر پلٹ گئی۔ حادثے کے دوران 27لوگوں کو بچا لیا گیا جبکہ60افرادکی لاشیں برآمد کی گئی ہیں جس میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔  انہوں نے کہا کہ سمندر میں مزید لاشیں ملنے کا امکان ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 50 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں جنہیں تلاش کیا جا رہا ہے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کشتی سمندر سے چند میٹر کے فاصلے پر حادثے کا شکار ہوئی۔ 22 سال کے نور الاسلام نے کہا کہ کشتی میں 100 سے زائد افراد سوار تھے اور اس میں بھی زیادہ تر خواتین اور بچے شامل تھے ۔