روہنگیا مسلمانوں کے خلاف مظالم، مظالم کا دائرہ مسلسل بڑھ رہا ہے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ//اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل آنتونیو گوٹریس نے  جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ میانمار کی مسلم اکثریتی ریاست رخائن میں مقامی مسلمانوں کے خلاف ریاستی تشدد میں کمی نہیں آئی جس کے نتیجے میں تشدد کی لہر شمال سے ریاست کے وسط کی طرف بڑھ رہی ہے۔ خدشہ ہے آنے والے دنوں میں مزید اڑھائی لاکھ روہنگیا مسلمان ملک چھوڑنے پر مجبور ہوجائیں گے۔اطلاعات کے مطابق جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ روہنگیا سے ھجرت کرکے آنے والے بچوں، بوڑھوں اور خواتین کے بیانات سن کر وہاں پر ہونے والے ظلم سے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ آٹھ سال سے میانمار میں مسلمانوں کے خلاف پرتشدد حربوں میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے۔ یو این سیکرٹری جنرل نے برما کے مسلمان پناہ گزینوں کی بحالی اور ان کی مشکلات کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فوری امداد فراہم کرنے پر زور دیا۔انتونیو گوٹیریس کا کہنا تھا کہ جانیں بچا کر پناہ گزین کیمپوں تک پہنچنے والوں کے بیان چونکا دینے والے ہیں۔ نہتے مسلمانوں کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جا رہاہے۔ اجتماعی قتل عام کے ساتھ اجتماعی عصمت ریزی کے واقعات بڑے پیمانے پر رونما ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف یو این کی ایک امدادی ٹیم تشدد سے متاثرہ ریاست رخائن میں داخلے کی کوشش ایک بار پھر ناکام ہوگئی ہے۔