یو این آئی
جموں //جموں وکشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینا نے منگل کے روز کہاکہ جموں وکشمیر پولیس نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد روہنگیائی پناہ گزینوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی ایجنسیوں نے اس حوالے سے ایک لمبی لسٹ تیار کی ہے۔اطلاعات کے مطابق بھاجپا صدر رویندر رینا نے کہاکہ کچھ سماج دشمن عناصر جموں وکشمیر کے پر امن حالات کوخراب کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں جن کے خلاف پولیس نے کریک ڈاون شروع کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی ایجنسیوں کو ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ سماج دشمن عناصر امن ، خوشحالی اوربھائی چارے میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرر ہے ہیں جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے نے ان کے خلاف کارروائی شروع کی۔ان کے مطابق سیکورٹی ایجنسیوں نے ایسے سماج دشمن عناصر کی ایک لمبی لسٹ بنائی ہے جو امن و امان میں خلل ڈالنے کی سازش رچا رہے ہیں۔رویندر رینا نے مزید بتایا کہ جو کوئی بھی امن و امان میں بگاڑپیدا کرنے کی سعی کرئے گی ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔