سرینگر//سیکریٹری امور نوجوان و کھیل اور اطلاعات سرمد حفیظ نے شہر سرینگر میں بہتر ٹریفک نظام یقینی بنانے کے سلسلے میں منعقد کئے جارہے روڑ سیفٹی پیٹرول سے متعلق ایک میٹنگ کا انعقاد کیا۔اس پروگرام کا اہتمام محکمہ سکولی تعلیم محکمہ ٹریفک کے اشتراک سے انجام دے رہا ہے جس میں منتخب طلاب کو ٹریفک نظام کو منظم طریقے سے چلانے میں حصہ لیں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی بدولت طلاب کو چھوٹی عمر سے ہی ٹریفک قوانین پر عمل کرنے اور لوگوں کو ان قوانین کے بارے میں جانکاری دینے کی تربیت فراہم ہوگی۔سیکرٹری نے سکولوں میں طلاب کے لئے ایسا ماحول پیدا کرنے پر زور دیا جس کی بدولت ان کے اندر احساس ذمہ داری پیدا ہو۔سرمد حفیظ نے کہا کہ آر ایس پی ایک تحریک ہے اور اسے ملک کی کئی ریاستوں میں پہلے ہی متعارف کیا گیا ہے۔سیکریٹری امور نوجوان و کھیل کود نے اس موقعہ پر ہدایت دی کہ جو سکول اس پروگرام میں بہتر طریقے سے حصہ لیں گے انہیں مناسب انعامات سے نوازا جائے گا۔میٹنگ کے دوران سپیشل سیکرٹری سکولی تعلیم نے کہا کہ رضاکار طلاب کو اس مقصد کے لئے باقاعدہ وردی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ روڑ سیفٹی پیٹرول کے سلسلے میںبالائی شہر سے تعلق رکھنے والے 10سکولوں اور پائین شہر کے 10سکولوں کو اس پروگرام کے دائرے میں لایا جائے گا۔طلاب آٹھویں جماعت سے تعلق رکھنے والے رضاکار ہوں گے اور وہ ٹریفک نظام کو باقاعدہ بنانے میں ٹریفک کے ساتھ اشتراک کریں گے۔میٹنگ میں ڈی جی یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس شیخ فیاض ، ناظم تعلیم کشمیر ، سپیشل سیکرٹری سکولی تعلیم ، ایس ایس پی ٹریفک سری نگر و دیگر افسران اور سکولوں کے نمائندے موجود تھے۔