روس یوکرین بحران | امریکی صدر اور برطانوی وزیراعظم کا ٹیلی فونک رابطہ | سفارت کاری کو موقع دینے پر اتفاق

لندن //امریکی صدر جو بائیڈن اور برطانوی وزیراعظم کیدرمیان یوکرین اور  روس کے معاملے پر ٹیلی فونک  رابطہ ہوا۔امریکی صدر  اور برطانوی وزیر اعظم  نے دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی پر سفارت کاری کو موقع دینے پر اتفاق کیا ہے۔جو بائیڈن اور بورس جانسن نے روس کے صدر پیوٹن سے جارحانہ اقدامات سے پیچھے ہٹنے کا مطالبہ بھی کیا۔دوسری جانب فوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ بیلاروس اور کرائمیا کے راستے روس کی سوا لاکھ فوج یوکرین حکومت کا تختہ الٹ سکتی ہے۔ماہرین کے مطابق اس صورتحال میں روس نواز شخص کو اقتدار پر بٹھا دیاجائیگا۔ اس دوران  امریکی وزیر دفاع لایڈ آسٹن اور نیٹو کے سکریٹری جنرل جینز اسٹولٹین برگ نے روس کے ساتھ تازہ ترین سفارتی بات چیت پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی وزارت دفاع ‘پینٹاگن’ کے ترجمان جان کربی نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے روس کے ساتھ حالیہ سفارتی تعلقات اور روس کے ساتھ کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر فون کے ذریعہ بات چیت کی۔ترجمان نے کہا کہ بات چیت کے دوران، اس بات پر زور دیا گیا کہ روس کے اقدامات سے صرف ایک مضبوط اور زیادہ مربوط نیٹو اتحاد ہوگا، جو نیٹو کے مشرقی حصے کے ساتھ جارحیت سے بچاؤ کے لئے تیارہوگا۔