روس کے ساتھ بہتر تعلقات عالمی معاملات کے لیے ضروری ہے: امریکی سفیر

واشنگٹن// روس میں تعینات امریکی سفیر جان ہنٹس نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ امریکی تعلقات کا بہتر ہونا عالمی معاملات کے لیے بہت ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ روس اور امریکا کے درمیان تعلقات عالمی منظر نامے پر مثبت اثرات مرتب کریں گے۔دوسری جانب امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مہینے کے دوران ہونے والی امریکی و روسی صدور کی ملاقات میں ٹرمپ خاص طور پر روس کی خطرناک سرگرمیوں پر فوکس کریں گے۔ذرائع کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کے موقع پر شمالی کوریا کے جوہری معاملے اور کم جونگ ان سے گذشتہ ماہ ہونے والی ملاقات پر بھی بات چیت کریں گے۔علاوہ ازیں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اس ملاقات میں شام کی تازہ صورت حال پر بھی بات ہوگی، دونوں ملکوں کے سربراہان کی جانب سے تعلقات میں بہتری پر زور دیا جائے گا۔خیال رہے کہ سولہ جولائی کو ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادی میر پیوٹن یورپی ملک فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں ملاقات کریں گے۔واضح رہے کہ یہ ملاقات مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی کانفرنس میں شرکت اور یورپی دورے کے اختتام پر ہو گی، نیٹو کانفرنس برسلز میں گیارہ اور بارہ جولائی کو ہو رہی ہے جبکہ ٹرمپ اس سمٹ کے بعد انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ بھی جائیں گے۔