روسی فوج میں91افراد زبردستی بھرتی ہوئے ۔ 8 ہلاک ، 14 واپس آچکے اور 69 اب بھی رہائی کے منتظر

New York, Sept 24 (ANI): External Affairs Minister Dr S Jaishankar speaks at Showcasing India-UN Partnership in Action, a special event on the sidelines of UNGA, in New York on Saturday. (ANI Photo)

 عظمیٰ نیوز سروس

 

نئی دہلی// وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے لوک سبھا کو بتایا کہ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 19 افراد اور اداروں کے خلاف مجرمانہ مقدمہ درج کیا ہے، جن کا تعلق روسی فوج میں ہندوستانی شہریوں کی بھرتی سے ہے۔ وزیر نے کہا، “سی بی آئی نے روس سے واپس آنے والے 14 افراد کی جانچ کی ہے، اور 10 معروف انسانی اسمگلروں کے خلاف کافی ثبوت سامنے آئے ہیں۔ تفتیش کے دوران، چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا، دو 24 اپریل کو اور دو مزید 7 مئی کو۔ چاروں اس وقت عدالتی تحویل میں ہیں۔ وزیر نے انکشاف کیا کہ حکومت 91 ایسے معاملات سے واقف ہے جہاں ہندوستانی شہریوں کو روسی فوج میں بھرتی کیا گیا تھا۔ ”

 

بدقسمتی سے، ان میں سے آٹھ کا انتقال ہو چکا ہے۔ ہماری مدد سے، 14 کو ڈسچارج کیا گیا ہے یا واپس آچکے ہیں، اور 69 ہندوستانی شہری ابھی بھی رہائی کے منتظر ہیں۔” یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیر کے بھی 4شہری ان میں شامل ہیں جنہیںض روسی فوج میں بھرتی کر کے یوکرین سرحد پر بھیج دیا گیا تھا۔ ان میں سے ایک شہری ظہور احمد ساکن کرناہ کپوارہ لاپتہ ہوا تھا جبکہ اونتی پورہ پلوامہ کا آزاد احمد سرحد پر زخمی ہوا تھا۔بعد میں سی بی آئی کی ایک ٹیم نے اونتی پورہ کے آزاد یوسف کے گھر والوں سے پوچھ تاچھ کی ۔وزیر نے کہا “میں نے ذاتی طور پر یہ معاملہ روسی وزیر خارجہ کے ساتھ متعدد بار اٹھایا ہے،جنہوں نے یقین دلایا کہ روسی فوج میں خدمات انجام دینے والے کسی بھی ہندوستانی شہری کو رہا کر دیا جائے گا۔تاہم، وزیر نے اس میں پیچیدگیوں کی نشاندہی کی۔ “روسی حکام کا کہنا ہے کہ ان ہندوستانی شہریوں نے روسی فوج کے ساتھ خدمت کے معاہدے کیے تھے۔ ضروری نہیں کہ ہم اس نقطہ نظر کو سبسکرائب کریں۔انہیں بتایا گیا تھا کہ وہ مختلف ملازمتوں کے لیے جا رہے ہیں اور پھر خود کو روسی فوج میں تعینات پایا۔”