سرینگر // عدالت کے حکم کے بعد مادہ روسی سفیدوں کی کٹائی کے معاملے پر سرکار نے ماہرین کی 7رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جنہوں درختوں کی کٹائی ، ان سے گرنے والی روئی اور دیگر نقصان کے بارے میں مکمل رپورٹ 2ہفتوں میں تیار کرکے عدالت میں پیش کرنی ہو گی ۔عالمی وباء کووِڈ 19کے زنجیر کو توڑنے اور اس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے حکام کی جانب سے بڑے پیمانے پر کارروائی کی جارہی ہے۔ اس بیچ مادہ روسی سفیدے کے درختوں کی کٹائی سے متعلقہ عدالتی احکامات کے بعد جموں کشمیر حکومت نے محکمہ جنگلات کے چیف کنسرویٹر کی سربراہی میں 7رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس معاملے میں مکمل طور پر ایک رپورٹ تیار کر کے حکام کو روانہ کرے گی ۔ کمیٹی میں چیف کنزویٹر کشمیر کے علاوہ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ، ماہر امراض چھاتی ڈاکٹر نوید ، کنزرویٹر فارسٹ ڈویژن سرینگر ، شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کے شعبہ جنگلات کے ایچ او ڈی اور ریجنل ڈائر یکٹر سوشل فارسٹری شامل ہونگے جو اس معاملے کی مکمل رپورٹ تیار کریں گے جس کے بعد کمیٹی اس رپورٹ کو دو ہفتوں کے اندر عدالت میں پیش کرے گی۔کمیٹی کے ایک ممبر نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ دو ہفتوں میں رپورٹ حکام کو پیش کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ فیصلہ کمیٹی کو کرنا ہے کہ یہ مادہ سفیدے کاٹنے ہیں یا پھر ان کی شاخ تراشی کرنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کا سب سے زیادہ اہم رول بنتا ہے ،اگر انہوں نے یہ کہا کہ درختوں کو کاٹنا ہے، تو ان کی کٹائی ہی شروع کی جائے گی کیونکہ صحت کے حوالے سے ماہر امراض چھاتی ڈاکٹر نویدہی فیصلہ کر سکتے ہے کہ ان کی کٹائی لازمی ہے یا نہیں ۔ خیال رہے کہ روسی سفیدے کے درختوں کی کٹائی کے حکمنامہ کے بعد گزشتہ دنوں عدالت عالیہ میں مفاد عامہ کے تحت ایک عرضی دائر ہوئی تھی جس میں درخواست دہندگان نے روسی سفیدے کے درختوں کی کٹائی سے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا تھا ۔ عدالت عالیہ نے اس عرضی پر سماعت کرتے ہوئے ہدایات جاری کئے تھے کہ روسی سفیدے کے درختوں کی کٹائی سے متعلق حکمنامہ فی الحال التوا ء میں رکھا جائے جبکہ ساتھ ہی عدالت نے جموں کشمیر انتظامیہ کو ہدایت دی تھی کہ وہ چار روز کے اندر اس معاملے میں ماہرین کی کمیٹی تشکیل دیں جو درختوں کی کٹائی ، ان سے گرنے والی روئی اور دیگر نقصانات کے بارے میں مکمل رپورٹ تیار کرے گی ۔عدالت عالیہ کے احکامات پر من و عن عمل کرتے ہوئے جموں کشمیر انتظامیہ نے بدھ کو سات رکنی کمیٹی تشکیل دی جو دو ہفتوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔
روسی سفیدوں کی کٹائی کامعاملہ | ماہرین کی7رکنی کمیٹی تشکیل
