روز گار کے مواقع پیدا کرناحکومت کی ترجیحات میں شامل: ویری

جموں//ریاست کے بے روز گار افراد کے لئے روز گار کے مواقع معرض وجود میں لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس بات کا اظہار وزیر برائے دیہی ترقی عبدالرحمان ویری نے یہاں70 طُلاب کو پلیس منٹ سرٹیفیکٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان طُلاب نے دین دیال اُپادھیائے گرامین کوشلیہ یوجنا کے تحت سکل تریبت مکمل کی ہے۔ویری نے کہا کہ حکومت ریاست کے نوجوانوں کے لئے روز گار کے مواقع پیدا کرنے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے تعلیم یافتہ نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف فلاحی سکیموں اور پروگراموں سے استفادہ کریں۔وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نے روز گار کے مواقعے نہ صرف نوجوانوں بلکہ دیگر کاروباری ادارے قائم کرنے والوں کے لئے بھی شروع کئے ہیں تا کہ تعلیم یافتہ طبقہ نہ صرف اپنے لئے ر وز گار کمائے بلکہ دوسروں کے لئے بھی روز گار کی سبیل بن سکیں۔سی ای او حمائت کپل شرما نے اس موقعہ پر ڈی ڈی یو جی کے وائی کے خدو خال پیش کئے۔