روزنامہ سرینگر نیوزکے چیف ایڈیٹرمعراج الدین وانی رحمت حق

سرینگر//کشمیرکے صحافتی حلقے کومنگل کی صبح اُس وقت ایک دھچکالگاجب کشمیر کے ایک معروف وبزرگ صحافی اوراردوروزنامہ سرینگرنیوز کے مدیر اعلیٰ معراج الدین وانی انتقال کرگئے ۔مرحوم کے پسماندگان میں اُن کی اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹاایڈوکیٹ محمداقبال وانی اور ایک بیٹی شامل ہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق منگل کی صبح اچانک طبیعت نا ساز ہونے کے بعد معراج الدین کو سرینگر کے ہسپتال برائے امراض سینہ(سی ڈی اسپتال ) میں داخل کیا گیا جہاں وہ منگل کی دوپہر کو رحمت حق ہوگئے۔سرینگر کے خشخاش باغ سعدہ کدل رعناواری علاقے سے تعلق رکھنے والے 75سالہ معراج الدین وانی روز نامہ سری نگر نیوز کے مالک اور پبلشر بھی تھے۔موصوف صحافی کے قریبی احباب کا کہنا ہے کہ وہ انتہائی ملنسار،انسان دوست،سماجی خدمت گار،غریب پرور اور بذلہ سنج شخصیت کے مالک تھے۔انہوں نے کہا کہ موصوف کی اُردو صحافت کے تئیں گراں قدر خدمات کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ منگل کی سہ پہر تقریباًساڑھے پانچ بجے مرحوم کے آخری رسوم اُن کے آبائی علاقہ خشخاش باغ متصل سینٹرل جیل سرینگرمیں انجام دئے گئے۔اُن کی نماز جنازہ میں کئی صحافیوں ونامہ نگاروں سمیت بڑی تعدادمیں لوگوںنے شرکت کی ۔دریں اثناء بزرگ صحافی معراج الدین وانی کے انتقال پر جملہ صحافتی برادری،سینئر سیاسی لیڈروں اورسماج کے مختلف طبقوں وحلقوں سے وابستہ سرکردہ شخصیات نے سخت صدمہ ظاہرکرتے ہوئے مرحوم کی صحافتی وسماجی خدمات کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انجمن اردوصحافت جموں وکشمیر نے ایک بیان میںموصوف کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیرکی اردوصحافت میں خدمات انجام دینے والے کئی سینئرصحافیوں کیلئے روزنامہ سرینگر نیوز ہی پہلاتربیت گاہ رہا۔انجمن اردوصحافت کے عبوری صدر زاہدمشتاق نے معراج الدین وانی کے ساتھ اپنی قربت کاذکر کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم سماج کے غریب طبقوں کے تئیں انتہائی درجے کی شفقت ومحبت رکھتے تھے اورکوئی بھی حاجت مند معراج صاحب کے دفتر سے خالی ہاتھ واپس نہیں جاتاتھا۔انجمن کے عبوری ترجمان وصوبائی صدر شوکت ساحل نے کہاکہ موصوف صرف ایک سینئرصحافی ہی نہیں تھے بلکہ وہ ایک آزاد خیال سیاسی تجزیہ نگار بھی تھے ،جو اپنی رائے آزادانہ طور پر سامنے رکھنے میں یقین رکھتے تھے ۔انجمن نے مرحوم کے فرزندمحمداقبال وانی اوردیگر غمزدگان کے ساتھ دلی ہمدردی اورتعزیت کااظہارکیا۔ادھر دیگر صحافتی انجمنوں بشمول کشمیر پریس ایسوسی ایشن اورایڈیٹرس فورم نے بھی معرا ج الدین وانی کے انتقال پرسخت صدمہ ظاہر کیا۔ نیشنل کانفرنس کے صدر داکٹر فاروق عبدللہ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی ،اپنی پارٹی سربراہ الطاف بخاری ،سی پی آئی ایم لیڈر محمد یوسف تاریگامی اور دیگر سیاسی و سماجی لیڈروں نے معراج الدین وانی کے انتقال پر اظہار دکھ کیا ہے اور پسماندگان کی خدمت میں تعزیت پیش کیا ہے۔  نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہنہ مشق صحافی اور روزنامہ سرینگر نیوز کے مدیر اعلیٰ خواجہ معراج الدین وانی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ پارٹی لیڈران نے کہاکہ معراج الدین وانی نے سخت ترین دور میںبھی اپنے قلم کی روانی جاری رکھی اور اپنے اخبار کے ذریعے لوگوں کے مسائل ومشکلات ہر حال میں اُجاگر کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے صحافتی میدان میں جو بے لوث خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ایڈوکیٹ محمد اکبر لون، حسنین مسعودی،سینئرلیڈران حاجی محمد سعید آخون، مبارک گل، عرفان احمد شاہ، تنویر صادق، پیر آفاق احمد، ترجمان عمران نبی ڈار، غلام قادر پردیسی، سلمان علی ساگر، احسان پردیسی اور دیگر لیڈران نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے منگل کو روزنامہ سرینگر نیوز کے چیف ایڈیٹر معراج الدین وانی کے انتقال پر گہرے صدمے اور غم کا اظہار کیا۔ایک تعزیتی پیغام میں بخاری نے مرحوم کو ایک مکمل شریف آدمی قرار دیا جو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے پابند تھے۔بخاری نے کہا کہ مرحوم وانی ایک سینئر صحافی تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی احتساب کے اپنے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے عوام کی آواز بننے کی پوری کوشش کی۔اپنی پارٹی کے صدر نے کہا کہ مہراج الدین وانی کا انتقال جموں و کشمیر میں صحافتی برادری کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ سی پی آئی (ایم) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے ان کے انتقال کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ مرحوم معراج الدین وانی ایک تجربہ کار صحافی تھے۔ صحافت کے میدان میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تاریگامی نے سوگوار خاندان اور میڈیا برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ عوامی نیشنل کانفرنس کی صدر بیگم خالدہ شاہ اور سینئر نائب صدر مظفر شاہ نے ممتاز صحافی معراج دین وانی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی روح کو جنت الفردوس اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔ اے این سی صدر نے کہا ’’ ہم نے ایک عظیم فرزند اور ایک مکمل پیشہ ور اور مکمل شریف آدمی کھو دیا ہے جس نے اپنے پورے عزم اور مضبوطی کے ساتھ روزنامہ سرینگر نیوز کو کشمیر کا گھریلو اخبار بنا دیا ہے‘‘۔پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین نے معراج الدین وانی کے انتقال کو صحافتی حلقے میں ایک خلاقرار دیا۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن نے وانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین و پسماندگان اور ادارہ سرینگر نیوز سے تعزیت کی۔ مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم معراج الدین وانی ایک فیاض ،ملنسار اور ظرافت پسند آدمی تھے۔ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹیو کمیٹی کے صدر اعجاز احمدخان نے روزنامہ سرینگرنیوز کے بانی مدیراعلیٰ معراج الدین وانی کے انتقال پر رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کے فرزندمحمداقبال وانی اوردیگر غمزدگان کے ساتھ دلی ہمدردی اورتعزیت کااظہارکیا۔اُدھر کشمیر ٹریڈ الائینس کے صدر اعجاز شہدار نے صدمے کااظہارکرتے ہوئے مرحوم کو ایک بے باک صحافی قرار دیا۔نارتھ کشمیر ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن ،بارہمولہ ورکینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن اور ٹنگمرگ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے چیف ایڈیٹر سری نگر نیوز معراج الدین وانی کے انتقال پراظہار تعزیت کیا۔تینوں صحافتی تنظیموں نے اپنے الگ الگ  بیانات میں مرحوم کی روح کے لئے ایصال ثواب کی دعا کی۔ کشمیر نیوزسروس کے مدید اعلیٰ محمد اسلم بٹ نے سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہے اور مرحوم کی روح کے لیے دعا کرتا ہے۔ سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے معراج  الدین وانی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں وانی نے مرحوم کو اپنے وقت کا ایک تجربہ کار اور بہادر صحافی قرار دیا جنہوں نے اپنے اخبار کے ذریعے اردو زبان کی خدمت کی اورعوام کے مسائل کو بے باکی سے اْجاگر کرتے رہے۔وانی نے کہا کہ مرحوم نہ صرف صحافت کے میدان میں بلکہ معاشرے میں اصلاح اور انسانی خدمات کے ذریعے بہت بڑا حصہ ڈالا ہے۔انجمن علماء وائمہ مساجدکے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی نے معراج الدین وانی کے انتقال پر غمزدہ خاندان اور خاص طور پر محمد اقبال اور اعجاز احمد کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک نیک سیرت اور انسان دوست شخصیت کے مالک تھے ۔ انجمن علمائے احناف کے سربراہ مولانا  اخضر حسین نے سرینگر نیوز کے بانی مدیر اعلیٰ معراج الدین وانی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار، گڈس ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کے صدر محمد صدیق رونگ،کشمیر ہول سیل مٹن ڈیلرس ایسو سی ایشن کے سابق جنرل سیکریٹری معراج الدین گنائی،کشمیر شکار ایسو سی ایشن کے صدر حاجی ولی محمد،سینٹرل کانٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کے سیکریٹری ارشد احمد بٹ، جموں کشمیر بزنس کونسل کے شریک کنونیئر محمد الطاف ڈار، کشمیر ٹریڈر س اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے ایک ڈھڑے کے صدر میر شاہد حسین اور جنرل سیکریٹری حاجی نثار، ایک اور دھڑے کے صدر محمد رجب کوچھے اور نائب صدر فیاض احمد بٹ،کے ٹی ایم ایف کے ایک اور دھڑ کے سینئر لیڈر نثار احمد شاہدار اور دیگر لیڈروں نے معراج االدین وانی کو ایک بے باک مخلص اور تاجر دوست صحافی قرار دیتے ہوئے اہل خانہ اور ادارہ سرینگر نیوز کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
 
 

 ناظم اطلاعات راہل پانڈے کا دکھ کااظہار 

جموں//ناظم اِطلاعات و رابطہ عامہ راہل پانڈے نے سینئر صحافی اور سری نگر نیوز کے چیف ایڈیٹر معراج الدین وانی کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔اس سلسلے میں ایک تعزیتی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ناظم اطلاعات راہل پانڈے نے اَپنے صحافتی کام سے مقامی عوامی مسائل کو اُجاگر کرنے میں مرحوم صحافی کے کردار پر روشنی ڈالی اور اُن کے اِنتقال کو صحافی برادری اور سماج کے لئے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا۔ناظم ڈی آئی پی آر اور ملازمین نے مرحوم کی روح کے اَبدی سکون کے لئے دعا کی اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ سوگوار کنبے کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی ہمت دے۔ادھرمحکمہ اطلاعات کشمیر ڈویژن کے اَفسران اور ملازمین نے تجربہ کار اور سینئر صحافی معراج الدین وانی ( چیف ایڈیٹر روزنامہ سری نگر نیوز) کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے ۔اِس سلسلے میں جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن کشمیر اَنعام الحق صدیقی کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقدہوئی ۔اُنہوں نے سوگوار کنبے بالخصوص محمد اِقبال وانی سے تعزیت کا اِظہار کیا ہے اور مرحوم کی روح کے اَبدی سکون کے لئے دعا کی۔دریں اثنا ء اَفسران اور ملازمین کے ایک گروپ نے محمد اقبال وانی کی رہائش گاہ گئے اور معراج الدین وانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔