جموں//اشیائے ضروریہ سے لدھے ہوئے ٹرکوں اور بیرون جموں وکشمیر درماندہ افراد کی واپسی کے عمل کی نگرانی کیلئے حکومت نے مزید 4جونیئر افسران کی تعیناتی عمل میں لائی ہے ۔جموں وکشمیر میں داخلے کی واحد راہداری لکھنپور میں اس وقت 150سیول افسران اور 200پولیس اہلکارتعینات کئے گئے ہیں تاہم مزید 4جونیئر افسران کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جوآمدورفت اور نگرانی کے عمل میں مدد فراہم کریںگے ۔محکمہ عمومی انتظامی کی طرف سے جاری ہونے والے ایک حکمنامہ کے مطابق’’کورونا وائرس کی وجہ سے پیداہونے والی صورتحال کے پیش نظر مائنک شرما، پرم دیپ سنگھ، سمت کوہلی اور پنکج کمار کو لکھنپور میںتعینات کیاگیاہے جو کمشنر سیکریٹری جل شکتی اجیت کمار ساہو کی معاونت کریں گے‘‘۔ساہو بین ریاستی آمدورفت کے انتظامات کے نگراں ہیں ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اجیت کمار ساہو نے کہا’’ہمیں مزید افسران کی ضرورت تھی کیونکہ روزانہ بڑی تعداد میں ٹرک لکھنپور پہنچتے ہیں اوران کی یومیہ تعداد1200سے 1500کے درمیان ہوتی ہے ‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’لکھنپور میں تعینات عملے پر زیادہ دبائو تھا جس کو دیکھتے ہوئے ان افسران کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے کیونکہ انہیں ڈرائیوروں اور کلینروں کی تفصیلات ، ان کی سکریننگ، انہیں ماسک فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کو بھی جراثیم سے پاک کرناپڑتاہے ‘‘۔انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ بیرون جموں وکشمیر درماندہ مزدوروں کو بھی لایاجارہاہے ۔انہوں نے مزید بتایاکہ مقامی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے مغل شاہراہ اور جواہر ٹنل کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ساہو نے بتایاکہ پچھلے پانچ روز کے دوران 8ہزار افراد لکھنپور پہنچے ہیں ۔