رواں ماہ کے آخر تک موسم ابر آلود رہنے کا امکان

سری نگر// وادی کشمیر میں موسمی صورتحال مسلسل دگرگوں اور برف و باراں کا سلسلہ جاری ہے۔
 
ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں رواں ماہ کے آخر تک موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں بھی ہوسکتی ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ تاہم کسی بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔
 
گرمائی دارلحکومت سری نگر جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
 
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ جہاں دوران شب 15.2 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔