رواں سال کیلئے حج کوٹے کا اعلان

 ریاض//سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے 2022 کے حج کے لیے دنیا بھر کے ممالک سے عازمین کے کوٹے کی منظوری دے دی ہے اور مجموعی طور پر اس سال 10لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ اس مرتبہ سب سے زیادہ کوٹا انڈونیشیا کے لیے رکھا گیا ہے۔انڈونیشیا سے ایک لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جس کے بعد پاکستان سے سب سے زیادہ 81ہزار 132 افراد حجاز مقدس کا سفر کریں گے۔بھارت اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہے جہاں سے 79ہزار 237 افراد حج کے لیے سفر کریں گے۔سعودی حکومت نے ہندوستان کو مطلع کیا ہے کہ اس سال ہندوستانی شہری حج کر سکیں گے، تاہم کووڈ سے متعلق قوانین کی وجہ سے اس نے حج کوٹہ 79,237 تک محدود کردیا ہے۔ اقلیتی امور کی وزارت کے عہدیداروں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے ہندوستانی فریق کو بتایا کہ اس سال صرف 65 سال سے کم عمر کے لوگ ہی حج کر سکیں گے۔حکام کے مطابق حج 2022 کے لیے ہندوستان کا حج کوٹہ 79,237 عازمین حج مقرر کیا گیا ہے۔