سری نگر// جنوبی ضلع کولگام کے حسن پورہ گاو ں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں 2 جنگجو مارے گئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے حسن پورہ کولگام می ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف نے اس علاقے کو اتوار کے روز اپنے محاصرے میں لے کر اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
انہوں نے کہاکہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر جنگجووں نے اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاطتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
اُن کے مطابق جنگجووں کو سرینڈر کرنے کا بھر پور موقع فراہم کیا گیا لیکن انہوں نے سلامتی عملے پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خود سپردگی کی پیشکش کو ٹھکرانے کے بعد حفاظتی عملے نے جوابی کارروائی شروع کی جس دوران 2 ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ مہلوک جنگجووں کی شناخت اور اُن کی تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ جنوری کے 9 دنوں کے دوران سیکورٹی فورسز نے 13جنگجووں کو مار گرایا ہے۔
اُن کے مطابق سرگرم جنگجووں اور اُن کے معاونین کے خلاف چلائے جارہے آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔