سرینگر// وادی کو ایک بار پھر برف کی ہلکی چادرنے اپنی لپیٹ میں لیا۔جمعہ کو سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرخراب موسم کے چلتے چار بجے تک کئی پروازیں منسوخ ہوئیں ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اتواربعد دوپہر سے موسم ایک بار پھرخوشگوار رہے گا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’سنیچرکو موسم مجموعی طور ابرآلود رہے گا تاہم اس دوران دھوپ بھی کھل سکتی ہے اور بیچ بیچ میں میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہونے کا امکانات بھی ہیںالبتہ11کی دوپہربعدموسم ٹھیک ہونا شروع ہوجائے گا ۔انہوںنے کہا کہ 12،13اور14کو موسم خوشگوار رہے گا ۔جمعہ کی صبح جب لوگ نیند سے بیدار ہوئے تو شہر کی مضافاتی پہاڑیوں کے ساتھ ساتھ مکانوں کھلے میدانوں میں برف کی ہلکی پرت بچھ گئی تھی۔برفباری کا سلسلہ مختصر وقفہ کیلئے جاری رہا،البتہ بارشیں وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہیں۔ ایس ایس پی ائر پورٹ منظور احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ جمعہ کی صبح ہو ئی تازہ برف باری اور مطلع آبر آلود رہنے کے سبب سرینگر ہوائی اڈے سے 4پروازیں منسوخ ہوئیں تاہم برف باری کا سلسلہ رک جانے کے بعد سبھی پروازوں نے سرینگر ہوائی اڈے سے اڈانیں بھریں۔بارہمولہ ، کپوارہ ، گاندربل ، بڈگام اوربانڈی پورہ کے ساتھ ساتھ اننت ناگ،پلوامہ،کولگام اور شوپیان کے پہاڑی علاقوں سے تازہ برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔شمالی کشمیرکے گلمرگ ،کونگہ ڈوری ، کھلن مرگ، افروٹ پہاڑیوں اور بابا ریشی کے ملحقہ علاقہ جات میں دوران شب تازہ برفباری ہوئی اور کچھ ایک مقامات پر ایک فٹ سے زیادہ تازہ برف ریکارڈ کی گئی۔ مشتاق الحسن کے مطابق گلمرگ میں دوران شب 38سنٹی میٹر برف ریکارڑ کی گئی۔کپوارہ سے اشرف چراغ نے اطلاع دی ہے کہ ضلع میں زیڈ گلی، کیرن، فرکیاں گلی ، سادھنا گلی ، کوپرا، اوپر نیچیاں ، جبڑی اور شمس پورہ میںتازہ برف گری ہے۔اس کے علاوہ نوگام سیکٹر،چوکی بل ،میلیال ،مژھل اور اس کے مضافاتی علاقوںجبکہ بانڈی پورہ میں گریز اور اس کے گردونواح میں درمیانہ درجے کی برفباری کی اطلاعات ملی ہیں۔ادھرمغل روڑ پر کئی علاقوں میں دو فٹ سے زیادہ برف گری ہے ۔ غلام نبی رینہ نے اطلاع کہ سونہ مرگ میں 2فٹ تازہ برف ریکارڑ کی گئی جبکہ گگن گیر میں ڈیڑ فٹ ،کلان اورگنڈمیں1فٹ جبکہ گنی ون کنگن میں 6اینچ سے زائد برف ریکارڑ کی گئی۔اس دوران6.5کلومیٹرزیڈ موڑ ٹنل پر برف باری کے باعث گذشتہ2 سے کام بند پڑا ہے۔پہلگام سے نمائندے ملک عبدالسلام نے اطلاع دی ہے کہ جمعہ کو پہلگام میں ڈیڑ فٹ جبکہ چندن واڈی،پسوٹاپ،وادی بیتاب اور آڈو میں 2فٹ برف جمع ہوئی ہے ۔اس دوران ککرناگ میں 1فٹ اور سنتھن ٹاپ پر3فٹ برف کی پرت جم گئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں 6سے7اینچ تازہ برف پڑی ہے ۔سرمائی دارلحکومت سرینگر میں ایک سے ڈیڑ سنٹی میٹر تازہ برف ریکارڑ کی گئی ۔ضلع شوپیان میں 1فٹ جبکہ ضلع کے ہرپورہ علاقے میں 2فٹ تازہ برف ریکارڑکی گئی ۔