رنگہ مسجد حول کئی دنوں سے گھپ اندھیرے میں

سرینگر//رنگہ مسجد حول میں نصب بجلی ٹرانسفارمر بار بار خراب ہونے سے پورا علاقہ گھپ اندھیرے میں ڈوبار ہواہے۔مقامی شہریوں اور محلہ کی کمیٹیوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ 630 کلو واٹ ٹرانسفارمر علاقے میں نصب کیا گیا ہے جس پر 120 سے زائد چولہوں کے ساتھ ساتھ درجنوں پاور لوم فیکٹریوں کا بھی لوڈ ہے۔ شہریوںنے کہاکہ سردیاں شروع ہوتے ہی ہر سال ٹرانسفارمر جل جاتا ہے اور پھر کئی روز تک مرمت کرنے کیلئے ورکشاپ میں پڑا رہتا ہے جس کے سبب وسیع آبادی کو بجلی کی فراہمی سے محروم رہنا پڑتاہے۔ لوگوں کاکہناہے کہ نومبر2018سے آج تک ٹرانسفارمر 3بار خراب ہوگیا۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ پورے علاقے کی مانگ ہے کہ اوور لوڈنگ کے سبب نیا  250 کلو واٹ ٹرانسفارمر نصب کیا جائے تاکہ عوامی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔ اس سلسلے میں جب کشمیر عظمی نے محکمہ بجلی کے اعلی حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ نیا ٹرانسفارمر نصب کرنے کیلئے چیف انجینئر کو رپورٹ پیش کی گئی ہے اوررقومات ملتے ہی ایک ٹرانسفارمر نصب کیا جائیگاجبکہ خراب ٹرانسفارمر دو روز میں علاقہ میں نصب کردیا جائے گا۔ادھر فنڈز کی فراہمی کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے کوشش ہوگی کہ رنگہ مسجد حول میں جلد دوسرا ٹرانسفارمر لگایا جائے ۔