رنگواڑپہلگام سڑک انتہائی خستہ،لوگوں کا عبور و مرور دشوار

وی اوآئی

اننت ناگ// رنگواڑ پہلگام کی اندرونی سڑک انتہائی خستہ ہونے کے نتیجے میں اس سڑک پر لوگوں کا عبور ومرور دشوار بن گیا ہے جبکہ مقامی لوگوں کی بار بار گزارش کے باوجود بھی حکام سڑک کی مرمت کا کام ہاتھ میں نہیں لیتے۔رنگواڑ پہلگام کی اندرونی سڑک انتہائی خستہ ہوچکی ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ بڑے گڑھے بن چکے ہیں جبکہ سڑک پر لوگوں کا عبور و مروردشوار بن گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ اس سڑک کی مرمت کے سلسلے میں اگرچہ متعلقہ محکمہ کے ذمہ داروں سے انہوں نے کئی باربات کی اور انہیں سڑک کی مرمت کیلئے بار بار گزارش کی گئی لیکن لوگوںکی درخواست کو محکمہ نے بار بار نظر کرکے لوگوں کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ لوگوںنے کہا کہ اس وقت اگرچہ موسم بہتر ہے تاہم بارش اور برفباری کی وجہ سے اس سڑک پر قریب چھ انچ کیچڑ جمع ہوتا ہے اور لوگ ان دنوں اپنے گھروں سے باہر نہیں نکل پارہے ہیں ۔لوگوں نے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی کے سبب لوگوں کے رشتہ دار بھی یہاں آنا پسند نہیں کرتے اور ناہی اس خستہ حال سڑک پر گاڑی چلانا ممکن ہے۔ لوگوں نے کہا کہ سب سے زیادہ تکلیف اس وقت ہوتی ہے جب کسی مریض کو ہسپتال پہنچانا مطلو ب ہوتا ہے کیوں کہ سڑک خستہ ہونے کی وجہ سے مریض کو پیدل ہی ہسپتال تک پہنچانا پڑتا ہے۔ لوگوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ سڑک پر فوری طور پر تجدید و مرمت کا کام شروع کریں تاکہ لوگوں کی مشکلات کاازالہ ہوسکے۔