رنز کے لئے صرف وراٹ پر انحصار نہیں: پجارا

ایڈیلیڈ/ ہندوستانی ٹیم اس وقت اپنے کپتان وراٹ کوہلی پر بہت حد تک منحصر ہے لیکن ٹیم کے ایک اور تجربہ کار بلے باز چتیشور پجارا کا خیال ہے کہ ہندستان کا صرف ایک بلے باز پر انحصار نہیں ہے ۔آسٹریلیا کے خلاف چھ دسمبر سے ایڈیلیڈ اوول میں شروع ہونے جا رہے پہلے ٹیسٹ سے قبل پجارا سے پیر کو یہاں پریس کانفرنس میں جب یہ پوچھا گیا کہ کیا ہندوستانی بلے بازی کپتان وراٹ پر منحصر ہے تو انہوں نے کہاکہ ہم سب ٹیم کی طرح کھیلتے ہیں اور ایک یونٹ کی طرح بلے بازی کرتے ہیں، اس سے زیادہ یا کم دباؤ نہیں ہوتا ہم صرف اچھا کرنا چاہتے ہیں، ہمارے تمام بلے باز تجربہ کار ہیں اور انہیں اپنی صلاحیت پر بھروسہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ہر بلے باز کی کوشش صرف میدان پر آکر ٹیم کے لئے رن بنانا ہوتی ہے اور وہ اپنے کام کو اچھی طرح کرتے ہیں۔ ایسے میں بیٹنگ یونٹ پر کوئی دباؤ پڑتا ہے ۔ ہم رنز کے لیے کبھی کسی ایک کھلاڑی پر بالکل منحصر نہیں ہیں۔ وراٹ دنیا کے نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز ہیں اور کئی بار دیکھا گیا ہے کہ ٹیم رنز کے لئے صرف اپنے کپتان پر منحصر رہتی ہے ۔ وراٹ نے پریکٹس میچ میں بھی اچھا مظاہرہ کیا اور 64 رنز بنا کر پرتھوی شا (66) کے بعد دوسرے ٹاپ اسکورر رہے تھے ۔ اگرچہ پرتھوی ٹخنے میں چوٹ کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ پجارا نے بھی پریکٹس میں 54 رن کی نصف سنچری اننگز کھیلی تھی۔ہندستانی ٹیم اگرچہ چار ٹسٹ میچوں کی سیریز سے پہلے خاص مشق نہیں کر سکی ہے اور اس کا چار روزہ واحد پریکٹس میچ بھی بارش سے متاثر رہا ہے ۔