رمضان کے باوجود تحصیل بھلوال کے دیہات میں بجلی نظام بدحالی کاشکار

 جموں//اگرچہ ماہ رمضان میں بنیادی سہولیات فراہم کیلئے انتظامیہ متعلقہ محکمہ جات کوبجلی،پانی ،راشن ودیگرسہولیات کی فراہمی کی ہدایات دیتی ہے لیکن تحصیل بھلوال کے بیشتردیہات میں رمضان کے دوران بھی مسلم بستیوں میں سہولیا ت کافقدان ہے اوروہ بجلی کی عدم دستیابی کے سبب مشکلات جھیلنے پرمجبورہیں۔تحصیل بھلوال کے ایک مقامی شخص محمدشکیل نے کہاکہ ہم اکثراخبارات میں پڑھتے ہیں کہ رمضان سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر،ایس ڈی ایمزوغیرہ متعلقہ محکموں کومقدس ماہ رمضان کے دوران پانی ، بجلی ، راشن وغیرہ کی سپلائی بغیر کسی خلل کے فراہم کرنے پر زور دیتے ہیں،تحصیل بھلوال کے بیشترعلاقوں میں انتظامیہ کی ہدایات کاکوئی اثرنہیں ہے اورلوگوں کو 24 گھنٹوں میں محض چھ سات گھنٹے ہی بجلی ملتی ہے۔انہوں نے کہاکہ صبح صحری ،افطاراورتراویح کے اوقات میں بجلی کی اشدضرورت ہوتی ہے لیکن اب تک گذرے روزوں میں بہت سے دیہات میں بجلی ان ہی خاص اوقات میں غائب رہی جس سے لو گ محکمہ بجلی کی کارکردگی سے کافی پریشان ہوچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق پنچایت سروٹ کے رتی کنئی گائوں میں رمضان شروع ہونے کے بعدبجلی کی کٹوتی میں اضافہ ہوگیاہے ۔ایک مقامی شخص نے بتایاکہ 24گھنٹوں میں سے صرف 6-7گھنٹے ہی بجلی سپلائی کی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ گذشتہ رات 11.30بجے بجلی بندہوئی اور3.40 بجے پردوبارہ آئی اورپھرپانچ بجے بندہوئی اوردن کوبارہ بجے آئی ۔انہوں نے کہاکہ تحصیل، سب ڈویژن اورضلع انتظامیہ کوچاہیئے کہ وہ پاورسٹیشن سروٹ سے جن  دیہات مثلاً سروٹ، رتی ،کوٹلی ،کیری،رابطہ ،دھنوں،بگانی،ہنڈوال ،گلالی وغیرہ کوبجلی سپلائی کی جاتی ہے میں بجلی نظام کوچست درست کریں ۔اتناہی نہیں کیری ودیگردیہات میں بجلی کے کھمبوں پرتاروں پرمتعددجگہوں پرفالٹ ہرکوئی دیکھ سکتاہے لیکن محکمہ بجلی کاعملہ سستی کامظاہرہ کرتاہے جس کی وجہ سے ان فالٹس کوٹھیک نہیں کیاجاتاہے اوربجلی نظام ناقص ہی رہتاہے جس سے لوگوں کوبجلی کی عدم دستیابی کی صورت میں نقصان جھیلناپڑتاہے۔لوگوں نے کہاکہ انتظامیہ کومحکمہ بجلی پاورسٹیشن سروٹ کے عملہ کوسختی سے ہدایات دینی چاہیئے کہ وہ ماہ رمضان کے دوران بجلی سپلائی کویقینی بنائے تاکہ روزہ داروں کومشکلات کاسامنانہ کرناپڑے۔لوگوں نے انتباہ دیاکہ اگربجلی سپلائی کوبہترنہ بنایاگیاتولوگ سڑکوں پرآکراحتجاج کرنے پرمجبورہوجائیں گے۔