حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ میں ہر سال کی طرح اس بار بھی ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منایا گیا۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مرکزی علی علیہ السلام جامع مسجد سے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کی آزادی کے حق میں ریلی نکالی گئی۔ریلی میں شامل لوگوں جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرس اٹھا رکھے تھے، نے قبلہ اول کی آزادی کے لئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کو ناگزیر قرار دیا۔ ریلی کے شرکاء کی جانب سے فلسطین کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔القدس ریلی مسجد شریف سے نکل کر اپنے روائتی راستوں سے گزرتے ہوئے ہریڈ پارک میں اختتام پزیر ہوئی۔ یوم القدس کے موقع پر برآمد جلوس بر کے دوران لوگوں کے جم غفیر نے شرکت کی اور فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کی مخالفت میں جم کر نعرہ بازی کی۔ اس دوران خطاب کرتے ہوئے امام و خطیب علی جامع مسجد پونچھ مولانا ظہور علی نقوی نے اسرائیل کی بیت المقدس پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے مطالبے میں تقریریں کیں۔ انہوں نے کہا کہ بیت القدس کی آزادی امت مسلمہ کا مشترکہ چلینج ہے اور اس کی آزادی کے لئے امت کوایک ہوکر کمر بستہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے بیت المقدس کی آزادی کے لئے دعائیں بھی کیں۔شیخ سجاد پونچھی نے اس دوران خطاب کرتے ہوئے کہا یوم القدس منانے کا آغاز ایران میں امام خمینی (رح) نے 1979ء کے اسلامی انقلاب کے ساتھ ہی کیا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ امام خمینی (رح) کا مقصد فلسطینیوں کے لئے عالم اسلام کی یکجہتی کے لئے عالمی دن مقرر کرنا تھا کیونکہ فلسطین کے مسئلے کو لیکر وہ بے حد فکر مند تھے اور اس کو مسلمانان عالم کا مشترکہ مسئلہ سمجھتے تھے۔انتظامیہ کمیٹی انجمن جعفریہ پونچھ کے چیئرمین انتظار حسین صوفی نے کہا کہ جمعتہ الوداع کے سلسلے میں میں سب سے بڑا اجتماع جامع مسجد پونچھ میں منعقد ہوا جہاں ضلع کے طول و عرض سے سینکڑوں فرزندان توحید نے نماز جمعہ میں شرکت کے ساتھ ساتھ اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور دعا اور توبہ و استغفار کیا جبکہ کشمیر میں جمعتہ الوداع کی تقریب حسب سابق یوم قدس کے طور پر بھی منائی گئی۔مینڈھر میں بھی شعیہ برادری کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ یوم القدس کے سلسلہ میں ہوا جہاں پر مولانا کرار حسین جعفری امام جمعہ و جماعت نے خطاب کرتے ہوئے اس دن پر روشنی ڈالی اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور بیت المقدس کو آزاد کرنے کا مطالبہ دہرایا۔