رمضان کے آخری ایام میں سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ

محمد بشارت
کوٹرنکہ //قومی گوجر مہا سبھا کی راجوری اکائی نے جموں وکشمیر حکومت سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کے آخری ایام میں عوام کو ہر طرح کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔یہاں جاری ایک بیان میں قومی گوجر مہا سبھا ضلع راجوری کے صدر الحاج چوہدری غلام حیدر آتش نے کہا کہ رمضان کے دوران عوام کو بنیادی سہولیات فراہم ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے راجوری ضلع کیساتھ ساتھ کوٹرنکہ سب ڈویژن کے مختلف دیہات میں عوام لگ بھگ ہر طرح کی بنیادی سہولیات محروم رہے ہیں ۔انہوں نے حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ رمضان کے شروع کے دوران انتظامیہ کی جانب سے مختلف میٹنگیں منعقد کی گئی تھی کہ عوام کو رمضان کے دوران بنیادی سہولیات فراہم کی جائینگی لیکن اس کے برعکس رمضان کے دوران سبزیوں ،گوشت و دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرنے کیساتھ ساتھ ناجائز منافع خوری بھی عروج پر رہی جبکہ بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں رکھی گئی۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کے آخری ایام میں لوگوں کیلئے بجلی کی مسلسل سپلائی کیساتھ ساتھ دیگر سہولیات بھی دستیاب رکھی جائیں ۔