رمضان کا تیسرا جمعہ،لوگوں نے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے نماز دا کی

 پونچھ//ماہ مبارک رمضان کا تیسرا جمعہ بھی فرزندان توحید نے کوڈ 19کے سلسلہ میں محکمہ صحت کی گائیڈ لائین پر عمل کرتے ہوئے ادا کیا۔پونچھ شہر کی تمام جامع مساجد میں پہلے سے ہی نمازیوں کو آگاہ کیا گیا تھا کہ وہ کم تعداد میں آئیں تاکہ زیادہ بھیڑ نہ ہو اور مساجد میں سماجی دوری بنانے میں کوئی دقت نہ ہو۔ادھر پورے ضلع کے قصبوں اور دیہی علاقوں کی مساجد میںبھی نمازیوں نیاحتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے نماز ادا کی۔اس دوران تمام مساجد کی انتظامیہ کمیٹیوں کی جانب سے مساجد کے باہر سینی ٹائزر اور ہاتھ دھونے کے لئے صابن اور پانی کا انتظام کیاگیا تھا جب کہ انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے مساجد میں داخل ہونے والوں کو ہدایت بھی دی جاتی رہی کہ وہ ان کا استعمال کریں۔ادھر مساجد میں خطبہ کے دوران بھی علمائے کرام نے تمام شرکاء کو ہدایت کہ کہ وہ دوری اختیار کر کے نماز ادا کریں جبکہ تمام مساجد میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے شرکاء کو جانکاری بھی دی گئی۔علمائے کرام نے خصوصی دعا کرتے ہوئے خدا وندِ کریم سے التجاء کی کہ وہ اب پورے عالم انسانیت کواس عالمی کرونا وائرس سے نجات دے اور جو لوگ اس مرض میں مبتلا ہیں ان کو شفایاب فرمائے،جو بیماری کا شکار ہو کر انتقال کر گئے ہیں ان کی مغفرت فرمائے۔واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پہلے ہی تمام لوگوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی جامع مساجد میں ہی جمع ادا کریں۔مینڈھر سب ڈویژن میں بھی نمازیوں نے کم تعداد میں مساجد کا رخ کیا تاہم جامع مسجد مینڈھر کے باہر انتظامیہ بالخصوص پولیس کی جانب سے سخت بندوبست کیا گیا تھا جبکہ نمازیوں نے بھی کووڈ ایس او پی پر عمل کرتے ہوئے نماز ادا کی ۔