رمضان المبارک 1440ھ | گورنر ،ڈاکٹر فاروق،چیف سیکریٹری ،خورشید گنائی ،شرما،شاہ فیصل اور مولانا ہمدانی کی مبارکباد

سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک نے ماہِ رمضان کے مقدس موقعہ پر ریاست کے لوگوں کو مبارک باد دی ہے اور اُمید ظاہر کی کہ یہ مقدس ایام ریاست میں میل ملاپ ، بھائی چارے ، امن ، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر آئیں گے۔اپنے ایک پیغام میں گورنر نے ماہِ صیام کے دوران نمازوں اور روزوں کی بدولت لوگوں میں نظم و ضبط کے علاوہ اُن میں صبر و استقلال او ربرداشت کی قوت پیدا ہوتی ہے۔اس کے علاوہ ماہِ صیام انسانی اقدار کی بالا دستی کے ساتھ ساتھ تمام فرقوں کی عقیدے کا احترام کرنے کا درس دیتا ہے ۔گورنر نے اِس مقدس موقعہ پر ریاست کی ترقی اور خوشحال کے لئے دعا کی ہے۔ نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے رمضان المبارک پر ریاست کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ رمضان المبارک کے دوران پنجگانہ نماز، سحری وافطار اور تراویح نمازوں کے دوران عالم انسانیت کی سربلندی اورریاست میں مکمل امن وامان اور خوشحالی کیلئے دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ’ یہ مہینہ ہمیں بے کسوں اورمحتاجوںکی مدد کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے گھرانوں کی مدد کریں۔ انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے لوگوں کو اس مقدس مہینے کے دوران تمام سہولیات میسر رکھنے کی اپیل کی۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے رمضان کا مقدس مہینہ شروع ہونے پر ریاستی عوام کو مبارک باد دی ہے۔اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ روزہ رکھنے سے ہمیںحق و صداقت کے راستے پر چلنے اور ضرورتمندوں کے تئیں جذبہ ایثار کا مظاہرہ کرنے کا بھرپور موقعہ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بابرکت مہینہ ہمیں اپنے آپ کا محاسبہ کرنے کے ساتھ ساتھ آپسی روا داری اور اخوت کے آفاقی پیغام کو عام کرنے کا موقعہ فراہم کرتا ہے۔اس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے دُعا کی کہ یہ مہینہ ریاستی عوام کے لئے امن ترقی و خوشحالی کی ایک نوید لے کر آئے۔گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ریاست کے لوگوں کو ماہِ رمضان کے سلسلے میں مبارک باد دی ہے۔اپنے ایک پیغام میں خورشید گنائی جو جے اینڈ کے وقف بورڈ اور جے اینڈ کے وقف کونسل کے چیئرمین بھی ہیں نے ریاستی حکومت ،وقف بورڈ اور وقف کونسل کے افسران پر زور دیا ہے کہ وہ ماہِ صیام کے دوران لوگوں کے لئے ضروری سہولیات یقینی بنائیں۔مشیر موصوف نے اس موقعہ پر ریاست میں لوگوں کی فلاح و بہبود اور صحت و سلامتی کے لئے دعا کی ہے۔گورنر کے مشیر کے کے شرما نے ماہِ رمضان کے مقدس موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارک دی ہے ۔مشیر موصوف نے اُمید ظاہر کی کہ اس مقدس مہینے کی بدولت ریاست میں امن بھائی چارے اور آپسی میل ملاپ ، ترقی اور خوشحالی کی فضا قائم ہوگی۔مشیر نے تما م لوگوں کے لئے اپنے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے عالم اسلام خصوصاً ریاست کے مسلمانوں کو رمضان المبارک کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ تلاوت قرآن اور نمازوں کی پابندی کو ہر صورت میں یقین بنائیں۔اسی میں دو جہاں کی کامیابی اور کامرانی کا راز مضمر ہے ۔جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کے صدر ڈاکٹر شاہ فیصل نے عوام بالخصوص مسلم امہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ کرے یہ مہینہ امن اور خوشحالی کا پیغام لیکر آئے۔انہوں نے کہا کہ اس مہینے میں یتیموں،بیوائوں اور مساکین کو بھی یاد رکھیں۔