رمضان المبارک کے پہلے جمعہ پر اجتماعات

سرینگر//جموں وکشمیر کے تینوں خطوں میں رمضان المبارک کے پہلے جمعتہ المبارک کے سلسلے میں اجتماعات منعقد ہوئے۔ درگاہ حضرت بل، جامع مسجد سرینگر اور تاریخی خانقاہِ معلی سرینگر میںبڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ نمازِ جمعہ کے بعد خانقاہ معلی میں خطمات المعظمات، درود و ازکار، اوراد خوانی کی پُروقار مجلس کا انعقاد ہوا۔ فرزندانِ توحید کی بڑی تعداد نے نمازِ جمعہ اور اس روح پرور مجلس میں شرکت کی۔ تقریب کی پیشوائی خدمانِ زیارت شاہ ہمدانؒ اور بقعہ کے امام حاجی غلام محمد ہمدانی نے کی۔ اس موقعے پر سجادہ نشین الحاج پیرزادہ شاہد نعمان ہمدانی، مولانا شوکت حسین کینگ، پیزادہ محمد یاسین زہرا، الحاج پیرزادہ شمس الدین، مسعود الحسن ہمدانی بھی موجود تھے۔خانقاہ معلی میں بعد معمولات تا نماز عصر ایک پروقار تبلیغی مجلس منعقد ہوئی جس میں انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمدقانونگو نے اپنے خطاب میں کہاکہ ماہ رمضان ایک تربیتی درسگاہ ہے جس میں مسلمان کو اپنے ظاہر و باطن کو اصلاح کرکے پورے سال کیلئے بہتر اعمال اور خدمت خلق انجام دینے کیلئے تیار رہنا چاہئے ۔مولانا قانونگو نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں ایک روحانی انقلاب کے ساتھ اپنے اہل و عیال کو بہتر تربیت کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ اگر پوری زندگی بے ربط ہوکر ہر ایک کے ساتھ ناشائستہ سلوک کااظہار کرے تو انسان کو اپنے وجود پر شرمندہ ہونا چاہئے۔ ان ہی حرکات سے باز رہنے کی ماہ رمضان اعمال صالحہ ، صبر ،استقلال ،قوت برداشت کامظاہرہ کرنے کا مہینہ ہے۔ ایسی ہی تقریب خانقاہِ پانپور میں منعقد ہوئی جہاں نمازِ جمعہ سے قبل جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے شہرالقرآن، فلسفہ رمضان المبارک ، روزوں کی فضیلت پر وعظ و تبلیغ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید مسلمانوں کیلئے لائحہ عمل ہے اور اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی کا راز مضمر ہے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ قرآن کی تلاوت اور نمازوں کی پابندی یقینی بنا کر اپنی آخرت سنوارے۔انجمن علما احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے جمعہ کوسونہ مسجد فتح کدل سرینگر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان آپسی،ہمدردی اور غمخواری کا مہینہ ہے اسی لے رسول اکرمﷺ نے اس مہینے کو شھرالمواسات،کا نام دیا ۔مولانا اخضر نے کہا کہ مواسات سے مراد بلا لحاظ مذہب ملت،بنی نواع انسان کی غمخواری،اور ہمدردی مطلوب ہیں۔ انہوں نے کہا کی روز داروں کو چاہے کی وہ صوم وصلوات،کے ساتھ آپسی بھای چارہ ہمدردی اور غمخواری کا خاص خیال رکھیں۔