رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوری عروج پر ، ملاوٹ کابھی انکشاف

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //رمضان المبارک کے مہینے میں جہاں سبزیوں، پھلوں و کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں ناجائز اضافہ ہوا ہے وہیں گوشت و چکن بھی مہنگے داموں فروخت کیا جاتا ہے جبکہ کئی ہول سیلر غیر معیاری غذائی اجناس و اپنی معیاد مکمل ہونے کے باوجود دیہی علاقوں میں صارفین کو فراہم کر رہے ہیں جس کی وجہ سے کئی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ادھر سیول سوسائٹی نے رمضان کے دوران کھانے پینے کی اشیاء و باالخصوص گوشت، چکن و سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں میں ناجائز اضافہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام تصویری نمائش کے لئے سال میں ایک بار مارکیٹ چیکنگ کرتے ہیں اور اسکے بعد پھر سے وہی سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔انہوں نے گذشتہ دنوں گندوہ بھلیسہ میں نمک، آٹا، چاول، مسالے و دیگر غیر معیاری چیزیں ضبط کرنے پر ایس ایس پی ڈوڈہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک عوامی رسادات و عوامی تقسیم کاری کے ساتھ ساتھ اس سے منسلک ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور ڈوڈہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں کئی بڑے ہول سیلر غریب عوام کی مجبوری کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹاٹا نمک، بہار چاول، مسالے و دیگر کئی چیزوں میں ملاوٹ کرکے ناجائز منافع خوری رہے ہیں۔سماجی کارکن محمد اقبال وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انتظامیہ کی عدم توجہی سے ڈوڈہ ضلع کے دیہی علاقوں میں بیشتر ہول سیلر اثر و رسوخ رکھنے کی بناء پر ہیرا پھیری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچاس فیصدی کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کرکے مہنگے داموں فروخت کیا جارہا ہے۔عبدالکریم ملک نامی ایک مقامی شہری نے کہا کہ سیول انتظامیہ اس طرف کوئی توجہ نہیں دیتی ہے اور سال میں ایک مرتبہ تصویر کشی کرکے مارکیٹ چیکنگ کی جاتی ہے لیکن ملاوٹ و غیر معیاری چیزیں سپلائی کرنے والے دوکانداروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔انہوں نے ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دنوں گندوہ پولیس نے بھاری مقدار راشن و دیگر سامان ضبط کیا جس کی معیاد ختم ہو چکی تھی اور اس کے باوجود اسے فروخت کیا رہا تھا۔ انہوں نے ضلع و مقامی انتظامیہ سے قصبہ ڈوڈہ، بھدرواہ و ٹھاٹھری کے ساتھ ساتھ کاہرہ، باتھری، چلی پنگل ،گندوہ و چنگا میں قائم بازاروں کی ہفتہ وار بنیادوں پر چیکینگ کرکے غیر معیاری چیزیں فروخت کرنے و ملاوٹ کرنے والے دوکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔