رفیع آباد میں لرزہ خیز واقعہ بیٹے کے ہاتھوں ماں کا قتل

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//ہادی پورہ رفیع آباد بارہ مولہ میں اس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب بیٹے نے تیز دھار والے ہتھیار سے اپنی ماں کا بے دردی کے ساتھ قتل کیا۔ذرائع نے بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہادی پورہ رفیع آباد میں عامر وانی عرف گجنی نامی درندہ صفت بیٹے نے ماں پر تیز دھار والے ہتھیار سے کئی وار کئے جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔معلوم ہوا ہے کہ قتل کی اس سنسنی خیز واردات کے بعد پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور انہوں نے ملزم کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔اس واقعہ کے بعدہادی پورہ رفیع آباد میں مرد و زن سڑکوں پرنکل آئے اور قتل کی اس سنسنی خیز واردات میں ملوث نوجوان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ملزم منشیات کا عادی ہے۔انہوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس طرح کے واقعات پر قابو پایا جاسکے۔مقامی لوگوں کا مزید کہناتھاکہ ہادی پورہ رفیع آباد میں اس طرح کا واقع رونما ہونا ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات نے سماج کو اندر سے کھوکھلا کیا ہوا ہے لہذا اب سب کو اس کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔انہوں نے قتل کی اس سنسنی خیز واردات میں ملوث ملزم کو پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا پولیس نے بتایا کہ قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں دفعہ 302کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔