رفیع آباد بارہمولہ میں مسلح تصادم|| 2ملی ٹینٹ ہلاک پولیس کانسٹیبل اور فوجی اہلکار زخمی

 غلام محمد

سوپور // رفیع آبادبارہمولہ میں بدھ کے روز ایک مسلح تصادم میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے اور دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بدھ کی صبح بارہمولہ ضلع کے واترگام میںلیسر نامی گائوںملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔پولیس نے بتایا کہ فوج، سی آرپی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے گائوں کی ناکہ بندی کی اور تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔جونہی سیکورٹی فورسز کی ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو یہاں موجود ملی ٹینٹوں نے اندا دھند فائرنگ شروع کی جس کے بعد آپریشن تصادم میں بدل گیا۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے مقام سے دو لاشیں بر آمد ہوئیں تاہم انکی شناخت نہیں ہوسکی۔انکی تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملی ٹینٹوں نے محاصرہ توڑنے کی کوشش کی اور اس دوران گولیوں کے تبادلے میںایک پولیس اہلکار اور ایک فوجی جوان زخمی ہوئے۔تاہم انکی حالت مستحکم ہے۔اس سے قبل تلاشی کارروائی کے آغاز میں ہی حکام نے ڈگری کالج ہدی ہارہ اورپانش انسی چیوٹ کو طلباء کی حفاطت کی بنا پر بند کردیا۔