رعنا واری میں آگ رہائشی مکان خاکستر،چار کنبے بے گھر

ارشاد احمد

سرینگر//بنتوکھر محلہ ہزاری بازار رعنا واری سرینگر میں دوران شب آتشزدگی کی ایک واردات میں 3منزلہ رہائشی مکان خاکستر ہوگیا۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کو12 بجکر 35منٹ پر رہائشی مکان میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی۔اس موقع پر فائر ٹینڈر فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ جب تک آگ پر قابو پا لیا جاتا تب تک تین منزلہ رہائشی مکان اور اس میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا تھا۔رہائشی مکان میں چار کنبے فیاض احمد شاہ، نذیر احمد شاہ، غلام رسول شاہ اور نور محمد شاہ رہائش پذیر تھے ۔مقامی لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی بازآبادکاری کی جائے۔