رضاکارانہ طور تعمیر کی گئی ڈرین منہدم | وازہ باغ اورباغ حیدر کی آبادی محکمہ ارگیشن کے خلاف برہم

سرینگر//زبرون کالونی وازہ باغ حیدر پورہ کے لوگوںنے الزام لگایا ہے کہ بائی پاس لنک روڑ پر محکمہ اری گیشن نے اُس ڈرین کو توڑ ڈالاجس کو مقامی لوگوںنے ذاتی خرچہ سے تعمیر کیا تھا ۔ لوگوں نے الزام عائد کیا کہ ایک مقامی شخص کی جانب سے محض ایک من گھڑت شکایت پر محکمہ آئی اینڈ ایف سی نے اس ڈرین کومنہدم کردیا۔ مقامی لوگوںنے بتایا کہ دو مہینے قبل لوگوںنے پریشانی کو دور کرنے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس ڈرین پر ایک سلیب بچھانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سے کافی حد تک لوگوں کی پریشانیوں کا ازالہ ہوا لیکن آج چیف انجینئر آئی اینڈ ایف سی کشمیر نے اپنے عملہ کے ذریعہ جے سی بی سے اس سلیب کو توڑ دیا ۔ لوگوں نے کہا کہ محکمہ کی غفلت شعاری کے نتیجے میںسینکڑوں کنال اراضی پر قبضہ کیاگیا ہے جس کو چھڑانے کیلئے محکمہ کوئی کارروائی نہیں کرتا بلکہ اس ڈرین کو توڑ ڈالا جو کہ لوگوں کی بھلائی کیلئے بنائی گئی تھی ۔ مقامی لوگوںنے اس سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر سے مداخلت کی اپیل کی۔